باغ ابن قاسم-کلفٹن-سٹی کورٹ اور ضلع وسطی میں تجاوزات مسمار

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر )محکمہ انسداد تجاوزات نے مختلف اضلاع میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فٹ پاتھ پر بنائی گئی متعدد دکانوں، اسٹالز اور کیبن کا خاتمہ کردیا۔سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی کی زیر نگرانی کلفٹن میں باغ ابن قاسم اور کلفٹن بلاک 5 میں نہر خیام پر غیرقانونی عمارتوں کو مسمار کرنے کا کام جمعرات کو بھی جاری رہا۔ عملے نے سٹی کورٹ کے اطراف چاند بی بی روڈ نزد سول اسپتال کے اطراف آپریشن کرتے ہوئے فٹ پاتھ پرلگائے گئے تمام کیبن، کھانے پینے کے اسٹال، ہوٹل کا سامان، کرسیاں، میزیں، ٹیبل اورفٹ پاتھ پر رکھے پنجرے اور کھانا کھلانے کا سامان ضبط کرلیا۔فیڈرل بی ایریا میں بھی فٹ پاتھ پر بنی دکانیں،جھونپڑا ہوٹل اور اسنوکر کلب کو مسمار کردیا گیا، جب کہ فٹ پاتھ اور سڑک کے کنارے لگائے گئے کیبن، ٹھیلے ، پتھارے اور اسٹال ضبط کرلئے گئے۔عائشہ منزل، واٹر پمپ، حسین آباد بھنگوریہ گوٹھ میں فٹ پاتھ اور روڈ پر تجاوزات قائم کرنے والوں کو نوٹس دے دیا گیا ہے کہ 3 دن میں تمام تجاوزات ختم کردیں۔دوسری جانب میٹروپولیٹن کمشنر سیف الرحمن کا کہنا ہے کہ آج سے ہل پارک میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے گا۔ پارک میں مختلف نوعیت کی تجاوزات ہیں جن کو آج مسمار کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More