نواز شریف نے اپنی جلد رہائی کا اشارہ دے دیا

0

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بہت جلد عوام کے درمیان ہوں گے۔لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے والے کسانوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی بدحالی دیکھ کر دل کو دکھ ہوتا ہے، کسان سڑکوں پر ہیں اور کھادیں مہنگی ہیں، اس پر انصاف کی باتیں حکومت کو زیب نہیں دیتیں، ترقی کے دعوے کرنے والوں نے کسان کو معاشی طور پر تباہ کردیا ہے، عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں اور یہ اپوزیشن کو نشانہ بنا رہے ہیں۔نواز شریف نے مزید کہا کہ میرے حوصلے بلند ہیں اور بہت جلد عوام کے درمیان ہوں گا، حالات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے اور یہ وقت بھی گزر جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر کسانوں نے آلو کی قیمت نہ بڑھانے پر احتجاج کیا تھا تاہم پنجاب حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد انہوں نے دھرنا ختم کردیا تھا۔ادھرلاہورہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل ) سے نکالنے کی درخواست دائر کردی گئی۔مذکورہ درخواست مقامی وکیل عامر ظہیر کی جانب سے دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ کسی شہری کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کرنا قانون کے خلاف ہے۔درخواست گزار نے نواز شریف اور دیگر افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق حکومتی میمورنڈم کی کاپی منسلک کرتے ہوئےاستدعا کی کہ عدالت ان افراد کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے۔مقامی وکیل عامر ظہیر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدالت نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔گزشتہ برس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کی وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے نام ایگزٹ کنڑول لسٹ میں شامل کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی منظوری وزارت داخلہ نے دی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More