پورٹ الزبتھ اسٹیڈیم پاکستانی ٹیم پر مہربان رہا

0

ندیم بلوچ
جنوبی افریقی کا ساحلی شہرپورٹ الزبتھ کا سینٹ جارجز اسٹیڈیم ماضی میں پاکستانی ٹیم پر ہمیشہ سے مہربان رہا ہے۔ یہ وہ واحد مقام ہے جہاں پاکستان ون ڈے انٹرنیشنل اب تک ناقابل شکست رہا ، یہاں پاکستان کرکٹ ٹیم نے پروٹیز کو بڑے مارجن سے شکست دینے اور یقینی جیت سے محروم کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستانی ٹیم نے یہاں کامیابی کا پہلا اکائونٹ 1994ء میں منڈیلا ٹرافی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی سے کھولا۔جہاں سابق کپتان سلیم ملک کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے کیویز کی جانب سے دیا گیا 204 رنز کا ہدف چھ وکٹون کے نقصان پر ہی حاصل کرلیا تھا۔اس میچ میں عاقب جاوید اور وقار یونس نے تباہ کن بالنگ کا مظاہرہ کیا۔جبکہ بیٹنگ میں عامر سہیل اور کپتان سلیم ملک اپنی ففٹیز کے ساتھ نمایاں رہے۔پاکستان نے پورٹ الزبتھ میں دوسرا میچ 8 برس کے وقفے کے بعد یعنی 2002ء میں میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا۔جہاں سلیم الہٰی اور عبدالزاق کی برق رفتار سنچریوں کے باعث پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 335 رنز کا تگڑا ہدف دیا۔ جس کے تعاقب میں میزبان ٹیم 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔یوں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 182 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی،اس میچ میں وقار یونس ، محمد سیمع اور شاہد آفریدی نے تین تین پروٹیز کھلاڑیوں کا شکار کیا تھا۔پاکستان نے اس اسٹیڈیم میں تیسرا او ڈی آئی 2007ء کو میزبان ٹیم کے خلاف کھیلا تھا۔ جہاں پاکستان نے پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے 245 رنز بنائے۔اس میچ میں محمد یوسف اور شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔ لیکن بارش کے باعث پروٹیز اپنی اننگ کا آغاز نہ کرسکی اور یوں یہ میچ نو رزلٹ کی فہرست میں آگیا۔پاکستا ٹیم نے اس اسٹیڈیم میں اپنا آخری میچ مصباح الحق کی قیادت میں 2013ء میں کھیلا تھا۔اس میچ میں پاکستان نے پروٹیز کو یقینی جیت سے محروم رکھا۔ پاکستان نے احمد شہزاد کی شاندار سنچری کے بدولت جنوبی افریقہ کو 262 رنز کا ہدف دیا۔ جبکہ اس میچ میں ڈیل اسٹین نے چھ پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ جواب میں ہاشم آملہ اور ابراہم ڈی ویلیئرز کی شاندار بیٹنگ سے پروٹیز ٹیم جیت کے انتہائی قریب پہنچ چکی تھی لیکن جیند خان اور شاہد آفریدی نے تباہ کن بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروٹیز کو جیت کیلئے دو رنز بنانے سے محروم رکھا۔ یوں پاکستان نے یہ میچ صرف ایک رن سے جیت لیا۔جیند خان نے تین اور شاہد آفریدی نے دو اہم شکار کرکے پاکستان کی جیت یقینی بنائی۔ مجموعی طور پر اگر دونوں ٹیموں کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو جنوبی افریقہ کا پاکستان کے خلاف پلڑا بھاری رہا ہے۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین اب تک 73 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں۔ جس میں پاکستانی ٹیم 47 بار حریف کیخلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ 25 میچز میں پاکستان کو کامیابی مل سکی۔یوں پاکستانی ٹیم کی جیت کی اوسط 25.51 رہی۔پورٹ الزبتھ میں اب سرفراز الیون سرفراز الیون کو ماضی کی روایت برقرار رکھنے کا سخت چلینج درپیش ہے۔ سرفراز احمد پہلی بار جنوبی افریقہ میں ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ ٹیسٹ میں وائٹ واش ناکامی کے بعد اب سرفراز الیون کو آج پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر چار بجے پروٹیز ٹیم کا پورٹ الزبتھ کے سینٹ جارجز اسٹیڈیم میں سامنا کرنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق قومی ٹیم انتظامیہ نے پہلے ون ڈے میچ کیلئے غیر حتمی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ہے۔ جس میں سرفراز احمد،امام الحق، فخر زمان،محمد حفیظ، شعیب ملک، بابر اعظم، شان مسعود، شاداب خان، محمد عامر،حسن علی اور عثمان شنواری شامل ہیں۔ جبکہ شاہین آفریدی یا فہیم اشرف کو ٹیم میں ممکنہ تبدیلی کیلئے اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔ ادھر بکیوں نے آج کے میچ میں پاکستان کے مقابلے میں جنوبی افریقہ کو فیورٹ کا درجہ دیدیا ہے۔ جوئے کی اوپن مارکیٹ میں پروٹیز ٹیم کے میچ ریٹ 1.02 ڈالر مقرر کئے گئے ہیں۔ جبکہ پاکستانی ٹیم کا بھائو 2.25 ڈالر رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب آج کے میچ کیلئے استعمال ہونے والی پچ بالرز کیلئے سازگار قرار دی جارہی ہے۔ پچ رپورٹ کے مطابق ابتدائی سیشن میں پچ میں موجود نمی بیٹسمنوں کیلئے نقصاب دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ لیکن دس اوورز کے بعد بلے بازوں کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ اس اسٹیڈیم کے اسکور بورڈ میں 250 سے زائد ٹوٹل حاصل کرنے والی ٹیم میچ پر حاوی ہوسکتی ہے۔ جبکہ دوسری اننگ میں اسپنرز کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ ٭
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More