انسانی بالوں کی برآمد سے16لاکھ ڈالر کی آمدن
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت تجارت نے قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات میں بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ 5 سال کے دوران 16 لاکھ ڈالر کے انسانی بال برآمد کیے۔قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت تجارت نے اسمبلی کو بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران میں 16لاکھ ڈالر کے انسانی بال برآمد کیے، پارلیمانی سیکرٹری نے بتایا کہ چین کو پانچ سال میں ایک لاکھ 5ہزار 461کلوگرام انسانی بال برآمد کیے جس کی مالیت 1لاکھ 32ہزار ڈالر ہے۔پارلیمانی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ انسانی بالوں کا استعمال وگز بنانے میں ہوتا ہے، 2016-17میں کینسر کے مریضوں کی تعداد میں کمی سے وگز کی مانگ میں بھی کمی ہوئی جب کہ پاکستان چین، امریکا اور عرب امارات سمیت کئی ممالک کو بال برآمد کرتا ہے۔وزارت تجارت نے گزشتہ5سال میں برآمدات میں کمی کی تفصیلات بھی ایوان میں پیش کیں۔ وزارت تجارت کے مطابق 14-2013سے 18-2017تک برآمدات میں ایک ارب 88کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی۔وزارت تجارت کے تحریری جواب میں بتایا گیا ہےکہ 14-2013 کے دوران برآمدات 25ارب 11کروڑ ڈالر تھیں، 15-2014میں 23ارب 66 کروڑ ڈالر، 15-2016میں 20ارب 78کروڑ ڈالر جبکہ 17-2016میں 20ارب 42کروڑ ڈالر رہیں۔