سی ٹی ڈی کا کمزور معلومات پر آپریشن کا اعتراف

0

لاہور(امت نیوز)سانحہ ساہیوال پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں انتہائی اہم ترین انکشاف ہوا ہے ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سی ٹی ڈی نے دوران اجلاس اعتراف کیا ہے کہ کمزور معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا ۔نجی ٹی وی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اطلاع دینے والے مخبر سے بھی تفتیش کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اس پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ذاتی دشمنی کے پہلو کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔اجلاس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ڈرائیور ذیشان سے متعلق بھی واضح معلومات نہیں مل سکی ہیں۔اجلاس میں ساہیوال واقعہ کے بارے میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ مقدمہ درج ہو گیا ہے، انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایت کی کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں واقعہ کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اعلیٰ حکام نے وزیر اعلیٰ کو واقعہ کے بارے میں اب تک ہونے والی پیشرفت کی رپورٹ بھی پیش کی۔ادھرسانحہ ساہیوال کی تحقیقات کیلئے قائم جوائنٹ انویسٹی گیشن (جے آئی ٹی) نے واقعے میں انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے افسران کو قصوروار ٹھہرا دیا ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سانحہ ساہیوال پر قائم جے آئی ٹی کی تحقیقات میں سی ٹی ڈی کے اعلیٰ افسران کو قصوروار ٹھہرا دیا ہے جس کے بعد ان کو عہدے سے ہٹانے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ جلد تیار کر کے اعلی حکومتی عہدیداروں کے حوالے کر دی جائے گی۔یاد رہے کہ حکومت پنجاب نے سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کو ذمہ داری سونپی ہے جو تین دن کے اندر اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More