شہر میں بارش ہوتے ہی 50 سے زائد فیڈر ٹرمپ کر گئے – کرنٹ سے 1 ہلاک

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہلکی و تیز بارش سےسڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور انڈر پاسز زیر آب آگئے۔کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ،جب کہ موٹرسائیکلیں پھسلنے سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ دوسری جانب برسات ہوتے ہی 50 فیڈر ٹرپ کر گئے،جس سے شہرکا بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔ کے الیکٹرک حکام رات گئے تک فالٹ دور کرنے میں ناکام رہے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو مطلع جزوی ابر آلود رہا، تاہم رات 11 بجے گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے شہر کو جل تھل کر دیا ، جس کے ساتھ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ۔ بلدیہ، اورنگی ٹاؤن ، سائٹ ، ناظم آباد ، صدر ، آئی آئی چندریگر روڈ ، لانڈھی ، ملیر ، ایئر پورٹ ، گلشن اقبال سمیت دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور موسلادھار بارش وقفے وقفے سے جاری رہی۔ ایئر پورٹ کے اطراف 10 سے 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایران سے داخل ہونے والا سلسلہ براستہ مکران کراچی میں داخل ہوا ،جس سے شہر میں ہلکی و تیز بارش ہوئی، پیر کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے اور موسم جزوی ابر آلود اور ہلکی بارش کی توقع ہے ۔ دوسری جانب بارش کی پہلی بوند گرتے ہی کے الیکٹرک کی کار کردگی کا پول کھل گیا ، درجنوں فیڈر ٹرپ کر جانے سےصدر ، برنس روڈ ، اولڈ سٹی ایریا ، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن ، سائٹ ، شیر شاہ ، کیماڑی سمیت شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ متاثرہ علاقوں میں ملیر، ایئرپورٹ،گلستان جوہر، گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، کریم آباد،ایف بی ایریا، بفرزون، ناظم آباد،نیو کراچی،ڈیفنس، اختر کالونی ، کورنگی اور لانڈھی بھی شامل ہیں۔ کے الیکٹرک حکام رات گئے تک فیڈرز اور گرڈ اسٹیشنوں کے فالٹ دور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے ۔ادھر جوبلی تھانے کی حدود جہانگیر پتنگی روڈ فرنیچر مارکیٹ کے قریب بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ایس ایچ او شارق نے رابطے پر بتایا کہ متوفی کی شناخت 28 سالہ ریحان شاہ ولد نندن شاہ کے نام سے ہوئی ،جو کہ لسبیلہ کا رہائشی اور کسی کام سے یہاں آیا تھا کہ بارش کے نتیجے میں بجلی کے پول میں کرنٹ آنے کے باعث اس سے چپک کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔میٹھادر کے علاقے آئی آئی جندریگر روڈ پر پھسلن کے باعث موٹر سائیکل پر سوار 40 سالہ رینجرز اہلکار محمد شفیق ولد محمد صدیق زخمی ہوگیا ۔ مزار قائد کے قریب 30 سالہ حیدر ولد سلیم موٹر سائیکل سلپ ہونے سے معمولی زخمی ہوا۔ محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ بارش کے نئے سسٹم کے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کے بعد آج بھی سندھ، بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔ دریں اثنا ایم ڈی واٹر بورڈ نے ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا واٹربورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر اسد اللہ خان نے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انجیئنرز، افسران اور مشینری و عملے کو 24 گھنٹے تیار رہنے کی ہدایت جاری کردی۔ پنجاب میں بھی لاہور سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔بورے والا میں آندھی اور بارش کے باعث ٹرانسمیشن سسٹم ہی بیٹھ گیا۔ بلوچستان کے شمال مشرقی اور مغربی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، چمن اور گرد و نواح میں گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی، جبکہ وادی زیارت اور سنجاوی میں شدید برفباری کے بعد پہاڑی علاقوں کو جانے والے راستے بند ہوگئے۔ پشاورسمیت خیبر پختون کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے موسم ایک بار پھر شدید سرد ہو گیا ،جبکہ سردی میں گیس غائب ہونے پر لوگوں کو پریشانی او ر مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ شوگراں،بالاکوٹ،شوہال ،بسیاں،گڑھی حبیب اللہ اور دیگر زیریں علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو چکا ہے،بالائی پہاڑی علاقوں میں بیشتر رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں،ناراں کی جانب شاہراہ کاغان مانسہرہ جلکھڈ روڈ لینڈ سلائینڈنگ اور برفباری کے باعث بند ہونے کے سبب سیاحوں اور مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More