امداد کا حکومتی اعلان بے گنا ہی کا بڑا ثبوت ہے-ذوالفقار چیمہ
لاہور (امت نیوز) سابق آئی جی موٹر وے ذوالفقار چیمہ نے کہاہے کہ سانحہ ساہیوال کے حوالے سے اب تک جتنی معلومات ملی ہیں ان کے مطابق خلیل اور اس کا خاندان بالکل بے گنا ہ ہیں، جس کا واضح ثبوت حکومت کی طرف سے امداد کا اعلان کرنا ہے، جن لوگوں نے یہ منصوبہ ترتیب دیا تھا ان کے دل میں جوابدہی کا کوئی خوف نہیں تھا ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ جو ساہیوال میں سانحہ ہوا ہے اس پر ملک کے ہر شخص کا دل دکھا ہے ، یہ بڑا بہیمانہ فعل ہے اور بڑی بربریت کامظاہرہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پولیس نے بڑے اچھے کام کئے ہیں لیکن ہر ادارے میں سزااورجزا کاعمل ساتھ ساتھ چلتاہے ، اگر کوئی ادارہ اچھا کام کرتا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس کو ہر کام کرنے کی آزادی دیدی جائے ، سانحہ ساہیوال میں پیشہ ورانہ قابلیت کا بالکل مظاہر ہ نہیں کیا گیا ، گاڑی کوروکا جاسکتا تھا اور خواتین اوربچوں کو الگ کیا جاسکتاتھا ، انہوں نے کہا کہ جتنی بھی معلومات ملی ہیں ، ان کے مطابق خلیل اور اس کا خاندان بالکل بے گنا ہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے لوگوں نے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیاہے اس سے ظاہر ہوتاہے کہ ان لوگوں کاغلط لوگوں سے تعلق نہیں تھا ، دوسرا حکومت نے بھی امداد کا اعلان کیاہے ،حکومت پر واضح نہ ہو توحکومت اتنی جلدی امداد کا اعلان نہیں کرتی ، اس لئے یہ واضح ہوگیاہے کہ یہ لوگ بے گنا ہ تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ دیکھ کر لگتاہے کہ جن لوگوں نے یہ منصوبہ ترتیب دیا تھا ان کے دل میں احتساب اور جوابدہی کا کوئی خوف نہیں تھا ۔