پنجاب پولیس اسٹیٹ بن گئی-والدین بچوں کیساتھ باہر نہ نکلیں-بلاول
راولپنڈی/لاہور(خبرنگارخصوصی/مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال پیغام ہے کہ نئے پاکستان میں شہری بال بچوں کے ساتھ گھروں سےباہر نہ نکلیں۔بلاول بھٹو زرداری نے سی ٹی ڈی کے ہاتھوں شہریوں کےقتل کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نےپنجاب کوپولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا، بچوں کےسامنے والدین کاقتل گڈگورننس کے جھوٹےدعویداروں کےمنہ پرطمانچہ ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اتنےبڑے سانحےکے بعد حکومت لاپتہ ہوگئی اور ریاست مدینہ کی پیروی کےدعویدار آج کے حکمران بتائیں سانحہ ساہیوال کا ذمے دارکون ہے؟ انہوں نے کہا کہ نیازی سرکار کی تحقیقات پرکسی کواعتماد نہیں اور نہ ہی ایس ایس پیزاورآئی جیز کا تبادلہ کرنے والوں سےانصاف کی امید ہے۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ ٹوئٹروالی سرکار دروغ گوئی اورمخالفین پرالزام بازی کےعلاوہ کچھ نہیں کرسکتی جب کہ نیاپاکستان کے نام پرملک میں جنگل کا قانون لاگوکردیا گیا ہےاور سانحہ ساہیوال پیغام ہے کہ نئے پاکستان میں شہری بال بچوں کیساتھ گھروں سےباہرنہ نکلیں۔دوسری طرف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سانحہ ساہیوال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے سیاسی مفادات کے لئے پولیس کو’’غنڈہ فورس‘‘ میں تبدیل کردیا۔ پولیس کے ہاتھوں خواتین سمیت 4 بے گناہ شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، راؤ انوار نے کراچی میں 440 بےگناہ شہریوں کو قتل کیا اور آزاد گھوم رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو حکمرانوں کی شہہ ملتی ہے تو وہ بے لگام ہوجاتی ہے، سیاسی جماعتوں نے پولیس کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرکے غلط لائن پر لگادیا۔ادھرتحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے سانحہ ساہیوال پرشدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہ سانحہ ساہیوال پولیس کے اختیارات میں اضافے اور اختیارات کے غلط استعمال کا نتیجہ ہے ۔آئے روز پولیس کے وحشیانہ کارنامے سامنے آرہے ہیں عورتوں ،بچوں اور بوڑھوں پر پولیس کے لرزہ خیز تشدّد سے پاکستانی تہذیب تھرتھرا رہی ہے ۔یوں لگ رہا ہے جیسے پورا ملک پولیس سٹیٹ بن چکا ہے پولیس کی وردی دیکھ کر لوگوں کو تحفظ کااحساس ہونے کی بجائے وحشت اور ظلم وبربریت کا احساس ہو نے لگاہے۔ساہیوال میں دن دیہاڑے قانون نافذ کرنے والوں کے ہاتھوں پر امن شہریوں کے خون سے یوں ہولی کھیلے جانے سے مہذب دنیا میں پاکستان کامذاق بن رہا ہے امن و امان کا قیام حکومت کا اولین فریضہ ہے ۔نظام درست کرنے کے لیے پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کو نکالنا ہو گا۔دریں اثنامرکزی قائم مقام امیر تحریک لبیک پاکستان علامہ ڈاکٹر شفیق امینی نے کہا کہ ساہیوال سانحے پر وفاق اور پنجاب کے وزراء نے غیرمناسب بیان بازی کرکے قوم کے زخموں پر نمک چھڑکا۔ ڈر ہے کہ پی ٹی آئی وزراء کی غیرضروری نامناسب بیان بازیوں کی وجہ سے کوئی بڑا نقصان نہ اٹھانا پڑے، پی ٹی آئی حکومت ریاست کے لیے سکیورٹی رسک بن چکی ہے۔