حب میں ٹرک سے ٹکرانے والی بس کے 26 مسافر زندہ جل گئے

0

حب(رپورٹ : عبدالغنی رند)کراچی کے قریب بلوچستان کے ضلع حب میں ٹرک سے تصادم کے بعد مسافر کوچ میں آگ لگنے سے 26 افراد زندہ جل گئے، جبکہ16 نے چھلانگ لگا کر جانیں بچائیں ،تاہم ان میں بیشتر زخمی ہیں ،جن میں 3 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔بعض اطلاعات کے مطابق ٹرک میں اسمگل شدہ ایرانی تیل موجود تھا جس کے ڈرموں میں آگ لگی اور اس نے دیکھتے ہی دیکھتے دونوں گاڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا۔کراچی سے پنجگور جانے والی کوچ میں خواتین بچوں سمیت 36 مسافر سوار تھے، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل نے 26 اموات کی تصدیق کردی۔ زخمیوں میں عمران ، عبیداللہ، محمد انوار، عبدالجبار، انیس ، عبدالمنان ، سمیر ، نور بخش ، شامیر ، حنا ، فاروق ، زہرہ ، محمد ولد عبدالمنان ، جبکہ ایک 3 سالہ نامعلوم بچہ شامل ہیں۔بتایا جاتا ہے بیلہ کراس چمن ہوٹل کے قریب رونما ہونے والے حادثے کے بعد آگ نے مسافر بس کو فوری لپیٹ میں لے لیا۔حادثے کے بعد کوچ کو آگ لگ گئی، اکثر مسافروں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا، آگ اتنی شدید تھی کہ بس سے کود کر اپنی جان بچانے والے مسافر بھی جھلس کر زخمی ہوگئے۔ میونسپل کمیٹی بیلہ کی واحد فائر بریگیڈ آگ پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی ،جس پر ایف سی اور میونسپل کمیٹی اوتھل کی فائر بریگیڈز کو طلب کرنا پڑا۔ عینی شاہدین کے مطابق فوری آگ پر قابو نہ پانے کے سبب قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ۔آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او بیلہ جان محمد جاموٹ اور تحصیلدار بیلہ محبوب چنال پولیس و لیویز نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور ریسیکو کے کام کی نگرانی کی بعدازاں ضلعی و مقامی انتظامیہ کے نمائندوں سمیت ایف سی اور میونسپل کمیٹی بیلہ کے نمائندے بھی پہنچے۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر بیلہ سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ۔شدید زخمیوں کو فرسٹ ایڈ دینے کے بعد کراچی ریفر کردیا گیا۔ آتشزدگی کے حوالے سے ایس ایچ او بیلہ جان محمد جاموٹ نے بتایا کہ 16 افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے ،جبکہ ہلاکتوں کی تعداد کنفرم نہیں۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے حادثے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم اور حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ ارسال کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضائع پر آل سندھ بلوچستان کوچ اونرز ایسوسی ایشن نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیاہے۔ واضح رہے کہ بیلہ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کا آبائی علاقہ ہے ،مسافر بس حادثے پر سہولیات کے فقدان پر سوشل میڈیا پر حکومت بلوچستان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More