اومنی گروپ کیخلاف تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس آج ہوگا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) اومنی گروپ منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات نیب کے سپرد ہونے کے بعد جے آئی ٹی کی پہلی میٹنگ آج ڈی جی آفس نیب میں طلب کر لی گئی جس میں ایف آئی اے کے 11 تفتیشی افسران کو ان کے پاس موجود تحقیقات کے پورشن کی فائلوں سمیت بلایا گیا ہے، مذکورہ افسران مین اسسٹنٹ ڈائریکٹر سراج پنجور، انسپکٹر اوبال، سب انسپکٹر ظہور باچکانی، اے ڈی آفتاب بٹ، اے ڈی احسن باجوہ، اے ڈی رئیس باجوہ،اے ڈی جمیل میو، انسپکٹر فضل اکبر،انسپکٹر امجد، اے ڈی امان اللہ، اے ڈی نعیم سندھو شامل ہیں، مزکورہ احکامات تمام تفتیشی افسران کو جے آئی ٹی کے سربراہ احسان صادق کی جانب سے دیئے گئے ہیں جن میں ایف آئی اے افسران کو کیس فائلوں کے ساتھ ڈی جی نیب اسلام آباد اشفاق منگی کے آفس میں منگل کے روز پہنچنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔میٹنگ میں تفتیشی افسران ڈی جی نیب اشفاق منگی کو اب تک تحقیقات میں سامنے آنے والے حقائق پر بریفنگ دیں گے، ڈی جی نیب اسلام آباد اس اسکینڈل پر اب تحقیقات کے سربراہ ہیں جو کہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اور شوگر ملوں کو ملنے والی سبسڈی پر ریفرنس تیار کریں گے ان 16 ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ سمیت دیگر افراد کے خلاف تحقیقات شامل ہیں جن میں سرکاری ٹھیکوں پر بھاری کمیشن وصولی اور کک بک کی رقوم کی منتقلی جعلی بینک اکاؤنٹس سے شامل تفتیش ہے جوکہ ایک کھرب سے زائد ٹرانزیکشنز پر مشتمل ہے۔