مولانا عمر پالن پوریؒ ہندوستان کے جید عالم، عالم اسلام کے نامور داعی اور صاحب نسبت بزرگ گزرے ہیں۔ ان کے مجرب روحانی نسخوں کا مجموعہ ان کے بیٹے مولانا یونس پالن پوری نے جمع کیا ہے۔ اس کے منتخب حصے نذر قارئین ہیں۔
عزت دلانے والا قرآنی عمل:
حضرت امام احمدؒ نے مسند میں نیز طبرانیؒ نے عمدہ سند کے ساتھ حضرت معاذ جہنیؓ کی روایت سے بیان کیا ہے کہ رسول اقدسؐ فرما رہے تھے:
ترجمہ: ’’تمام خوبیاں اسی خدا (پاک) کے لئے (خاص) ہیں، جو نہ اولاد رکھتا ہے اور نہ اس کا کوئی سلطنت میں شریک ہے اور نہ کمزوری کی وجہ سے اس کا کوئی مددگار ہے اور اس کی خوب بڑائیاں بیان کیا کیجئے۔‘‘ (پارہ 15 آیت 111 سورۃ بنی اسرائیل)
یہ آیت عزت ہے۔ (تفسیر مظہری جلد 7 ص 166)
فائدہ: جو کوئی مذکورہ آیت قرآنی صبح و شام پڑھ لیا کرے، دونوں جہاں میں عزت نصیب ہو، کسی مجلس یا حاکم کے سامنے جانے سے پہلے تین مرتبہ پڑھ لے تو عزت پائے۔
غم دور ہو:
حضرت علی المرتضیٰؓ فرماتے ہیں کہ رسول اقدسؐ نے مجھے غمگین دیکھ کر فرمایا: ابن ابی طالب! میں تمہیں غمگین دیکھ رہا ہوں؟ میں نے کہا جی ہاں! آپؐ نے فرمایا:
فمر بعض اھلک یوذن فی اذنک فانہ دواء للھم
ترجمہ: ’’تم اپنے گھر والوں میں سے کسی سے کہو کہ وہ تمہارے کان میں اذان دے، کیونکہ یہ غم کا علاج ہے۔‘‘
حضرت علیؓ فرماتے ہیں کہ میں نے یہ عمل کیا تو میرا غم دور ہو گیا، اسی طرح اس حدیث کے تمام راویوں نے اس کو آزما کر دیکھا تو سب نے اس کو مجرب پایا۔ (کنز العمال جلد 2 ص 658)
فائدہ: جو شخص کسی رنج و غم میں مبتلا ہو، اس کے کان میں اذان دینے سے اس کا رنج و غم دور ہو جاتا ہے۔(جاری ہے)