ہر برائی اور تکلیف سے حفاظت کیلئے
مسند بزار میں اپنی سند کے ساتھ حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کیا ہے کہ رسول اقدسؐ نے فرمایا کہ شروع دن میں آیۃ الکرسی اور سورئہ مومن (کی پہلی تین آیتیں حم سے الیہ المصیر تک) پڑھ لے، وہ اس دن ہر برائی اور تکلیف سے محفوظ رہے گا، اس کو ترمذی نے بھی روایت کیا ہے، جس کی سند میں ایک راوی متکلم فیہ ہے۔ (تفسیر ابن کثیر، جلد 4 ص 69) (معارف القرآن جلد 7 ص 581)
نماز فجر کے بعد مذکورہ وظیفہ روزانہ پڑھ لیا کریں۔ جو شخص کسی معذوری کی وجہ سے شروع دن میں نہ پڑھ سکے تو وہ بار یا ملازمت پر جاتے وقت گھر سے نکلتے ہوئے پڑھ لے تاکہ کسی نہ کسی درجہ میں قبول ہوجائے۔
اندھے پن، کوڑی اور فالج سے حفاظت
حضرت قبیصہ بن مخارقؓ فرماتے ہیں: میں حضوراقدسؐ کی خدمت میں حاضر ہوا تو حضورؐ نے پوچھا کیوں آئے ہو؟ میں نے عرض کیا میری عمر زیادہ ہوگئی ہے اور میری ہڈیاں کمزور ہوگئی ہیں، یعنی میں بوڑھا ہوگیا ہوں، میں آپ کی خدمت میں اس لیے حاضر ہوا ہوں تاکہ مجھے آپ وہ چیز سکھائیں، جس سے حق تعالیٰ مجھے نفع دے۔
حضورؐ نے فرمایا: تم جس پتھر درخت اور ڈھیلے کے پاس سے گزرے ہو، اس نے تمہارے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔ اے قبیصہ! صبح کی نماز کے بعد تین دفعہ کہو
سبحان اللہ العظیم و بحمدہ
ترجمہ: میں پاکی بیان کرتا ہوں عظیم ذات کی اور حمد بیان کرتا ہوں۔
اس سے تم اندھے پن، کوڑی پن اور فالج سے محفوظ رہو گے، اے قبیصہ! یہ دعا بھی پڑھا کرو۔
اللھم انی اسئلک مما عندک و افض علی من فضلک و انشر علی من رحمتک وانزل علی من برکتک
ترجمہ: ’’اے اللہ میں ان نعمتوں میں سے مانگتا ہوں، جو تیرے پاس ہیں اور اپنے فضل کی مجھ پر بارش کر اور اپنی رحمت مجھ پر پھیلا دے اور اپنی برکت مجھ پر نازل کردے۔‘‘ (حیاۃ الصحابہ جلد 3 ص 177) (جاری ہے)
٭٭٭٭٭
Prev Post
Next Post