کینیڈین شہری کی موت سے ہزاروں افراد کنگال

0

احمد نجیب زادے
کینیڈین کرپٹو کرنسی ایکسچینج کے ڈائریکٹر کی بھارت میں پراسرار موت سے ہزاروں صارفین کی 19 کروڑ ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری ڈوب گئی۔ کینیڈا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ایکسچینج کمپنی ’’کواڈریگا‘‘ کے ڈائریکٹر جیرالڈ کارٹن کی بھارت میں پراسرار موت سے 19 کروڑ ڈالر کے فنڈ تک رسائی ختم ہوگئی ہے اور درجنوں ماہرین کی کوششوں کے باوجود جیرالڈ کارٹن کے لیپ ٹاپ کا پاس ورڈ نہیں مل سکا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری ڈوبتی دکھائی دیتی ہے۔ اس ضمن میں کینیڈا کے امپیریل بینک آف کامرس کے مطابق بینک نے کرپٹو کرنسی ایکسچینج کمپنی کواڈریگا کے اکائونٹس میں موجود 28 ملین ڈالر بھی منجمد کردیئے ہیں۔ امپیریل بینک کی جانب سے کئے جانے والے اعلان کے بعد کواڈریگا کے ہزاروں صارفین میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ورچوئل کرنسی کی ایک اور کینیڈین کمپنی بٹ بائے ڈاٹ کینیڈا Bitbuy.ca کی وائس پریزیڈنٹ ڈین سکورکا نے کہا ہے کہ جیرالڈ کی اچانک موت نے ہزاروں صارفین کا اعتماد مجروح کیا ہے اورکمپنی اس وقت بد ترین صورت حال سے گزر رہی ہے۔ سکوکا نے کینیڈین حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کرپٹوکرنسی مارکیٹوں اور ایکسچینج کمپنیوں کو فوری طور پر ریگولیٹ کرے۔ ڈیلی گلوب اینڈ میل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فرم کے جواں سال ڈائریکٹر جیرالڈ جو کرپٹوکرنسی اور ڈیجیٹل فنڈز کے معاملات ذاتی طور پر دیکھتے تھے، انہوں نے اپنے لیپ ٹاپ کا پاس ورڈ کہیں بھی نہیں لکھا تھا اور نہ ہی ریکوری پاس ورڈ کا کوئی آپشن استعمال کیا تھا۔ کمپنی نے اس سوال کاجواب تلاش کرنے کیلئے متعدد ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں کہ آیا متاثرہ کرپٹو کرنسی ایکسچینج کواڈریگا کے ڈائریکٹر جیرالڈ کی جانب سے کسی اور نجی پلیٹ فار م یا ایکسچینج پر تو رقم محفوظ تو نہیں رکھی گئی؟ اس بارے میں مقامی تجزیہ نگارو ں کا کہنا ہے کہ یہ بڑا عجیب و غریب اور بظاہر لا ینحل معاملہ دکھائی دیتا ہے جس پر کرپٹو کرنسی ایکسچینج کمپنی کواڈریگا کی قانونی فرم نے مقامی عدلیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ کینیڈا کی نووا اسکوٹیا سپریم کورٹ میں کمپنی کی جانب سے کریڈٹ پروٹیکشن کا دعویٰ دائر کیا ہے جس پر عدالت نے 19 کروڑ ڈالر کی کرنسی کی وصولی کیلئے کام کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں سب سے پہلے کرپٹو کرنسی ایکسچینج کمپنی کواڈریگا کے ڈائریکٹر جیرالڈ رابرٹسن کی بیوہ کو طلب کیا گیا ہے۔ ٹورونٹو اسٹار کی رپورٹ کے مطابق کرپٹوکرنسی اور متعلقہ معاملات دیکھنے والی عدالت کے روبرو کمپنی ڈائریکٹر جیرالڈ کارٹن کی بیوہ جنیفر رابرٹسن نے اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کو اپنے شوہر کے واحد لیپ ٹاپ کا پاس ورڈ نہیں معلوم۔ کیونکہ وہ اپنے شوہر کے لیپ ٹاپ کو پرائیوٹ پراپرٹی سمجھتی تھیں اور ان کے آنجہانی شوہر بھی اس سلسلے میں ان کو اپنے کام اور لیپ ٹاپ کی خبروں اور جزئیات سے بے خبر رکھتے تھے۔ اس وجہ سے انہوں نے اپنے شوہر کا لیپ ٹاپ کبھی استعمال نہیں کیا۔ کینیڈین کرپٹو کرنسی ایکسچینج کمپنی کے ڈائریکٹر کے حوالے سے ابتدائی تحقیقات میں یہ بات ابھر کر سامنے آئی تھی کہ جیرالڈکارٹن اس سیکشن کے خود ہی ذمہ دار تھے۔ ان کو عالمی و مقامی کرپٹو کرنسی اکائونٹس تک رسائی کا پاس ورڈ معلوم تھا لیکن انہوں نے اس پاس ورڈ کو کسی بھی ٹپ کی شکل میں محفوظ نہیں کیا تھا۔ وہ پاس ورڈ کو ذہن میں محفوظ رکھ کر کام کرتے تھے۔ اس سلسلہ میں ایک خصوصی تفتیشی ٹیم کی جانب سے جیرالڈ کارٹن کی رہائش گاہ سمیت ان کے دفتر کا جائزہ لیا گیا ہے اور کاپیوں سمیت نوٹس بکس اور دیگر دستاویزات کا بغور مطالعہ کیا گیا ہے۔ لیکن یہ تفتیشی ٹیم اب تک متعلقہ پاس ورڈ کا پتا نہیں چلا پائی ہے اور متعد د کوششوں کا نتیجہ مایوس کن نکلا ہے۔ اگرچہ تفتیشی حکام اور ٹیموںنے جیرالڈ کی بیوہ سے اس ضمن میں انٹرویوز کئے ہیں، لیکن وہ بھی کوئی سود مند یا حوصلہ افزا جواب دینے سے قاصر رہی ہیں۔ کرپٹو کرنسی ایکسچینج کمپنی کواڈریگا ایک بڑی فرم ہے جو مقامی و عالمی سطح پر ’’بٹ کوائنز، لائٹ کوائنز اور ایتھروئیم‘‘ کی ٹریڈنگ کرتی ہے اور آن لائن اکائونٹس کی مدد سے صارفین کا اعتماد بحال رکھتی ہے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ خصوصی تفتیشی ٹیم کی جانب سے کرپٹو کرنسی ایکسچینج کمپنی کواڈریگا کے ڈائریکٹر جیرالڈ کارٹن کی انڈیا کے دورے میں پراسرار موت کی جانچ بھی کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں اب تک کوئی بھی ’’فائول پلے‘‘ دکھائی نہیں دیا ہے جس کی وجہ سے تفتیشی ٹیمیں اس قضیہ کو حل کرنے کی بھرپور کوششیں کررہی ہیں، لیکن بظاہر ناکام دکھائی دیتی ہیں۔ ادھر کینیڈا کی نووا اسکوٹیا سپریم کورٹ کی جانب سے ایک حکم نامے میں معروف فرم ’’ارنسٹ اینڈ ینگز‘‘ کو کواڈریگا کی گم ہوجانے والی کروڑوں ڈالر کی ڈیجیٹل کرنسی کی تلاش کیلئے مقرر کیا ہے۔ کینیڈین میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ کچھ ڈیجیٹل کرنسی ایکسچینج صارفین، اس پورے معاملہ کو پراسرار اور فراڈ سے تشبیہ دے رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ کینیڈین حکومت اس سلسلہ میں جیرالڈ کی موت کی جامع اور شفاف تحقیقات کرے۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More