چار شہیدوں کی ماں

0

حضرت خنساء مشہور شاعرہ ہیں، اپنی قوم کے چند آدمیوں کے ساتھ مدینہ آ کر مسلمان ہوئیں، علامہ ابن اثیرؒ کہتے ہیں کہ اہل علم کا اس پر اتفاق ہے کہ کسی عورت نے ان سے بہتر شعر نہیں کہا، نہ ان سے پہلے نہ ان کے بعد۔ حضرت عمرؓ کے زمانہ خلافت میں16ھ میں قادسیہ کی لڑائی ہوئی، جس میں حضرت خنساءؓ اپنے چاروں بیٹوں سمیت شریک ہوئیں۔ لڑکوں کو ایک دن پہلے بہت نصیحت کی اور لڑائی کی شرکت پر بہت ابھارا، کہنے لگیں:
اے میرے پیارے بیٹو! تم اپنی خوشی سے مسلمان ہوئے ہو اور اپنی ہی خوشی سے تم نے ہجرت کی۔ اس ذات کی قسم! جس کے سوا کوئی معبود نہیں، جس طرح تم ایک ماں کے پیٹ سے پیدا ہوئے ہو، اسی طرح ایک باپ کی اولاد ہو، میں نے نہ تمہارے باپ سے خیانت کی، نہ تمہارے ماموں کو رسوا کیا، نہ میں نے تمہاری شرافت میں کوئی دھبہ لگایا، نہ تمہارے نسب کو میں نے خراب کیا۔
تمہیں معلوم ہے کہ خدا جل شانہ نے مسلمانوں کے لیے کافروں سے لڑائی میں کیا کیا ثواب رکھا ہے۔ تمہیں یہ بات بھی یاد رکھنا چاہیے کہ آخرت کی باقی رہنے والی زندگی دنیا کی فنا ہو جانے والی زندگی سے کہیں بہتر ہے۔ خدا جل شانہ کا پاک ارشاد ہے:
اے ایمان والو! تکالیف پر صبر کرو (اور کفار کے مقابلے میں) صبر کرو اور مقابلے کے لیے تیار رہو اور خدا سے ڈرو تاکہ تم پورے کامیاب ہو۔
لہٰذا کل صبح کو جب تم صحیح و سالم اٹھو تو بہت ہوشیاری سے لڑائی میں شریک ہو اور حق تعالیٰ سے دشمنوں کے مقابلے میں مدد مانگتے ہوئے بڑھو اور جب تم دیکھو کہ لڑائی زور پر آ گئی اور اس کے شعلے بھڑکنے لگیں تو اس کی گرم آگ میں گھس جانا اور کافروں کے سردار کا مقابلہ کرنا، حق تعالیٰ نے چاہا تو جنت میں اکرام کے ساتھ کامیاب ہو کر رہو گے۔
چنانچہ جب صبح کو لڑائی زوروں پر ہوئی تو چاروں لڑکوں میں سے ایک ایک نمبر وار آگے بڑھتا تھا اور اپنی ماں کی نصیحت کو اشعار میں پڑھ کر امنگ پیدا کرتا تھا اور جب شہید ہو جاتا تھا تو اسی طرح دوسرا بڑھتا تھا اور شہید ہونے تک لڑتا رہتا تھا۔ بالآخر چاروں شہید ہوئے۔
اور جب ماں کو چاروں کے شہید ہونے کی خبر ہوئی تو انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ جس نے ان کی شہادت سے مجھے شرف بخشا۔ مجھے خدا کی ذات کی امید ہے کہ اس کی رحمت کے سائے میں ان چاروں کے ساتھ میں بھی رہوں گی۔ (ابن اثیر)
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More