جوان عبادت گزاروں پر فخر:
ابو حبیب القاضیؒ فرماتے ہیں: خدا تعالیٰ فرشتوں کے سامنے نوجوان عبادت گزاروں پر فخر فرماتے ہیں۔ (کتاب الزہد امام احمد)
درود پڑھنے والوں کے نام لکھنے والے فرشتے:
(حدیث) حضرت ابو ہریرہؓ سے مروی ہے کہ جناب نبی کریمؐ نے ارشاد فرمایا:
(ترجمہ) جب جمعرات کا دن ہوتا ہے، خدا تعالیٰ کچھ فرشتے بھیجتے ہیں، جن کے پاس چاندی کے اوراق اور سونے کے قلم ہوتے ہیں، یہ جمعرات کے دن اور شب جمعہ میں حضور اقدسؐ پر سب سے زیادہ درود پیش کرنے والے حضرات (کے نام) درج کرتے ہیں۔ (ابن عساکر، کنزالعمال 2177)
حضرت واثلہ بن اسقعؓ فرماتے ہیں: فرشتے تمہارے اس دمشق شہر کو جمعہ کی رات کو ڈھانپ لیتے ہیں، پس جب صبح پھوٹتی ہے، تو یہ اپنے اپنے (چھوٹے) جھنڈوں اور بڑے جھنڈوں کے ساتھ دمشق کے مختلف دروازوں پر پہنچ جاتے ہیں اور یہ ستر افراد ہوتے ہیں۔ پھر یہ آسمان کی طرف چڑھ جاتے ہیں اور یہ دعا کرتے جاتے ہیں: خدایا ان کے بیماروں کو شفاء عطاء فرما اور ان کے گھروں سے باہر گئے ہوئے لوگوں کو واپس لوٹا دے۔ (ابن عساکر)
حضرت آدمؑ کو قبولیت حج کی اطلاع دی:
حضرت محمد بن کعبؒ سے روایت ہے جب حضرت آدمؑ نے کعبہ شریف کا طواف کیا تو فرشتوں نے کہا: اے آدم! آپ کا حج قبول ہو چکا۔ ہم نے اس گھر کا طواف آپ سے دو ہزار سال قبل کیا تھا۔ (ابوالشیخ، کتاب الام امام شافعی دلائل النبوۃ بیہقی، حبائک حدیث نمبر566،609)
(فائدہ) یہ حدیث پہلے بھی گزر چکی ہے۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭
Prev Post
Next Post