پی ایس ایل 4 کو کرپشن فری بنا نے کیلئے مہم شروع
لاہور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 4 کو کرپشن فری بنانے کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں سے اینٹی کرپشن کوڈ پر دستخط کروانے کی مہم بھی شروع کردی ہے۔پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے ساتھ ساتھ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے اہلکار بھی ہوٹل اور میچز کے دوران کرکٹرز، میچ ، ٹیم آفیشلز اور ٹیم مالکان پر نظر رکھیں گے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل کے ضابطہ اخلاق کو سخت کردیا ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ ڈریسنگ روم اور ڈگ آؤٹس میں صرف کرکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کو ہی بیٹھنے کی اجازت ہوگی، میچز کے دوران اسٹیڈیمز میں ٹیم مالکان کھلاڑیوں سے دور رہیں گے۔ کرکٹرز کی غیر متعلقہ افراد سے میل جول پر پابندی ہوگی، پلئیرز اور آفیشلز کی ہوٹل لابی میں بھی نقل و حمل محدود ہوگی، نجی پارٹیوں میں شرکت بھی نہیں کی جاسکے گی، کہیں آنے جانے کے لئے صرف ٹیم کے ساتھ ہی ٹریولنگ کی اجازت ہوگی کھلاڑیوں کے بلاجواز ہوٹل کی لابی میں بیٹھنے پر بھی پابندی ہو گی۔