ویلنٹائن دے- عدالتی احکامات ہوا میں اڑا دیئے گئے

0

امت رپوررٹ
عدالتی پابندی کے باوجود ویلنٹائن ڈے منانے کیلئے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی سمیت دیگر شہروں میں مجموعی طور پر چار ارب روپے کے پھول درآمد کئے گئے۔ اس کے علاوہ کروڑوں روپے کے ٹیڈی بیئر بھی درآمد کئے گئے ہیں۔ اسلام آباد کے فائیو اسٹار ہوٹلوں میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ آئے مہمانوں کی بکنگ کے باعث ویلنٹائن ڈے کی تمام پارٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تاہم ملک کے باقی شہروں کے فائیو، فور اور تھری اسٹار ہوٹلز، پارٹیوں کیلئے مکمل طور پر بک ہیں۔ اسلام آباد میں اس سال زیادہ تر پارٹیاں نجی مقامات پر ہوں گی۔ اسی طرح کراچی کے ساحلی علاقوں، جبکہ لاہور، پشاور اور دیگر شہروں میں بھی تیاریاں مکمل ہیں۔
ویلنٹائن ڈے بزنس سے منسلک ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سال پانچ مختلف امپورٹرز نے مجموعی طور پر چار ارب روپے مالیت کے پھول ملائیشیا اور ہالینڈ سے تیسرے ملک کے ذریعے درآمد کئے ہیں۔ ان ذرائع کے مطابق گزشتہ سال ویلنٹائن ڈے کے موقع پر تقریباً تین ارب روپے کے پھول درآمد کئے گئے تھے۔ جبکہ گزشتہ سال بھی ویلنٹائن ڈے منانے پر پابندی تھی۔ مگر 14 فروری 2018ء کی شام کو تمام گل فروشوں کا اسٹاک ختم ہوچکا تھا۔ گزشتہ سال ہونے والے کاروبار کو دیکھتے ہوئے اس سال چار چار ارب روپے کے پھول درآمد کئے گئے ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق تمام پھول چند دن قبل ہی درآمد کئے گئے ہیں اور ہول سیل مارکیٹ اور بیوپاریوں سے ہوتے ہوئے تمام ملک بھر مارکیٹوں تک پہنچ چکے ہیں۔ اس وقت صورت حال یہ ہے کہ ہول سیل مارکیٹوں میں سرخ گلاب دستیاب نہیں ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ویلنٹائن ڈے میں پھولوں، تحائف وغیرہ کی فروخت کا عمل 13 فروری کی شام سے شروع ہوتا ہے اور 14 فروری کو دن ہی سے بزنس میں تیزی شروع ہو جاتی ہے۔ جبکہ شام سے پہلے 90 فیصد فروخت ہو چکی ہوتی ہے۔ رات کے وقت مختلف مقامات پر پارٹیاں شروع ہوتی ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پھولوں کے علاوہ دوسرے نمبر پر بہت بڑی تعداد میں ٹیڈی بیئر اور چھوٹی رنگ برنگی ڈبیوں کی فروخت ہوتی ہے۔ ٹیڈی بیئر اور دیگر تحفائف چین سے منگوائے گئے ہیں۔ چونکہ یہ مختلف راستوں اور طریقوں سے پہنچتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے درست اعداد و شمار تو بتانا ممکن نہیں ہے، مگر مجموعی طور پر پاکستان میں 14 فروری کو اربوں روپے کی درآمد شدہ اشیا کی خریداری کی جاتی ہے۔
ملک کے چھوٹے، بڑے شہروں سے دستیاب معلومات کے مطابق نجی سطح پر، ہوٹلوں اور گیسٹ ہائوسز وغیرہ میں ویلنٹائن ڈے منایا جارہا ہے اور اس ضمن میں کسی بھی پابندی کو خاطر میں نہیں لایا جارہا۔ اس کیلئے فائیو، فور، تھری اسٹار اور دیگر ہوٹل اور گیسٹ ہائوسز بک کئے جاچکے ہیں۔ تاہم برسوں بعد اس مرتبہ اسلام آباد کے فائیو اسٹار ہوٹلوں میں ویلنٹائن ڈے پر کوئی بھی بڑی پارٹی منعقد نہیں ہو رہی، جس کی وجہ سعودی ولی عہد کی آمد کے موقع پر کی جانے والی بکنگز ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سعودی ولی عہد خود تو وزیر اعظم ہائوس میں قیام کریں گے۔ جبکہ ان کے ساتھ وفد میں شریک افراد اسلام آباد کے فائیو اسٹار ہوٹلوں میں قیام کریں گے۔ چنانچہ اس سال اسلام آباد میں ویلنٹائن پارٹیاں، نجی مقامات پر منائی جا رہی ہیں۔ جبکہ فور اور تھری اسٹار ہوٹلوں میں محدود پیمانے پر پارٹیاں منعقد کی جارہی ہیں۔ دوسری جانب کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی اور ملک کے دیگر بڑے شہروں میں معمول کے مطابق فائیور اسٹار ہوٹلوں میں پارٹیاں منعقد کی جارہی ہیں۔ کراچی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ساحلی علاقوں میں موجود تمام ہٹ اور گیسٹ ہائوسز بک ہیں۔ لاہور کے پوش علاقوںمیں بھی تیاریاں مکمل ہیں۔
کراچی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق عدالتی پابندی کے باوجود شہر میں محدود پیمانے پر ویلنٹائن ڈے منایا جارہا ہے۔ کلفٹن، سی ویو، ہاکس بے، پیراڈائز پوائنٹ، ڈیٖفنس اور دیگر پوش علاقوں میں واقع ہٹ، گیسٹ ہائوسز اور بنگلوں میں مغربی تہوار منانے کیلئے نائٹ پارٹیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ساحلی علاقوں کے ہٹ، مضافاتی علاقوں میں واقع فارم ہاؤسز اور بنگلوں میں ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے کی جانے والی نائٹ پارٹیوں کی تشہری مہم جاری ہے۔
’’امت‘‘ نے کراچی میں ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے صورتحال معلوم کی۔ شہر میں تین ہٹی والی پھولوں کی مارکیٹ خاصی قدیم ہے، جہاں سے شہر بھر میں پھول سپلائی کئے جاتے ہیں۔ اس مارکیٹ میں ویسے تو ملک بھر سے لائے گئے مختلف اقسام کے پھول، ہول سیل ریٹ پر فروخت کیلئے لائے جاتے ہیں۔ تاہم چند برسوں سے ویلنٹائن ڈے کیلئے بیروں ملک سے بھی پھول منگوائے جاتے ہیں۔ پھولوں کے تاجروں کے رہنما احمد نجم کا ’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پتوکی، لاہور اور حیدرآباد کے کٹ فلاور اب صرف ویلنٹائن ڈے کیلئے نہیں بلکہ عام استعمال کیلئے بھی منگوائے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیفنس جسے علاقوں میں ویلنٹائن کے پھول زیادہ منگوائے جاتے ہیں لیکن ان کی مارکیٹ میں کوئی تاجر نہیں منگواتا۔ پھولوں کے تاجر حبیب اور ذوالفقار کا کہنا تھا کہ چند سال قبل کٹ فلاور کم پڑ جاتے تھے اب نارمل سیل چلتی ہے۔
بوہری بازار کے ایک دکاندار توفیق کا کہنا تھا کہ 85 فیصد ویلنٹائن کارڈ دو روز قبل فروخت ہوچکے ہیں۔ جمیل نامی نے ایک دکان دار ویلنٹائن ڈے کا خصوصی آئٹم، لال رنگ کا بھالو دکھا کر بتایا کہ اس قسم کے آئٹمز زیادہ تر پوش علاقے والے لے کر گئے ہیں۔ ڈیفنس کے علاقے گذری میں فلائی اور کے نیچے پھولوں کی مارکیٹ کے تاجر بلال کا کہنا تھا کہ ویلنٹائن کے حوالے سے گذشتہ برس کی طرح اس بار بھی بیرون ملک سے پھول منگوائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کلفٹن ڈیفنس میں بیرون ملک کے پھولوں کی 18 بڑی دکانیں زمزمہ، پارک ٹاور گزری اور دیگر علاقوں میں واقع ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ویلنٹائن ڈے پر ملکی اور غیر ملکی گلاب زیادہ فروخت ہوتا ہے جو 7 رنگوں میں ہوتا ہے۔ جبکہ دبئی، برطانیہ، امریکہ، اٹلی، ملائشیا، چائنا سے بھی پھول آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ویلینٹائن ڈے پر کاروبار عام دنوں سے 5 گنا زیادہ ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ویلنٹائن ڈے پر ڈیفنس اور کلفٹن کے بعض بنگلوں، فارم ہائوسز اور ساحلی علاقوں کے ہٹس میں خصوصی پارٹیاں رکھی جاتی ہیں۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ان پارٹیوں میں شراب، آئس، چرس اور دیگر منشیات کا استمعال بھی ہوتا ہے۔ تاہم بااثر افراد اور پولیس کے بعض اعلیٰ افسران کی وجہ سے مقامی پولیس خاموش رہتی ہے۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More