بھارت سپر لیگ کے گھیرائو کےلئے سرگرم ہوگیا

0

محمد قیصر چوہان
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی کانوائے پر حملے کے بعد مودی سرکار نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے خلاف محاذ گرم کر دیا ہے۔ بھارت اس وقت پاکستان کو اقصادی، علاقائی اور معاشی طور پر کاری ضرب لگانے کیلئے منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ اس تناظر میں پاکستان کی مقبولیت اور انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سبب بننے والی پاکستان سپر لیگ سیزن فور پر چار اطراف سے وار کا بھارتی منصوبہ سامنے آیا ہے۔ پی سی بی سے منسلک ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پلوامہ میں حملے کے بعد پی ایس ایل فور میں بھاری سرمایہ کاری کرنے والی انڈین کمپنیز کو لیگ سے ٹیکنیکل اسٹاف کا سامان پیک کرنے کی دھکمیاں موصول ہوئی ہیں۔ جبکہ کئی بھارتی ریاستوں میں سپر لیگ کی نشریات بند ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں کہ دبئی میچز کے دوران ہی پی ایس ایل کے لاہور اور کراچی وینوز کو ٹارگٹ کیا جاسکتا ہے۔ تاکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے سے روکا جاسکے۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیو رچرڈسن نے پاکستان کو محفوظ ملک تو قرار دیا ہے، لیکن ان کے بھارتی نائب اور اس پوسٹ کے اگلے نامزد امیدوار منو سہانے ہی اب پاکستان میں سیکورٹی کے حوالے سے حتمی رپورٹ تیار کریں گے۔ ذرائع کے بقول پاکستان کرکٹ بورڈ کو لیگ کی دو اہم بھارتی کمپنیوں کی جانب سے معاہدہ ختم کرنے کا خوف لاحق ہے۔ کیونکہ ان بھارتی کمپنیوں کو ہاتھ کھینچنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دونوں کمپنیوں نے پی ایس ایل پر لگ بھگ 5.1 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ اس رقم میں سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو 10 فیصد رقم دیدی گئی ہے۔ جبکہ دیگر رقم کی ادائیگی 6 ماہ کے دوران کی جانی ہیں۔ ان دونوں کمپنوں کے کم از کم دو درجن کے قریب ٹیکینکل عملہ دبئی، شارجہ اور ابوظہبی اسٹیڈیم میں مامور ہے۔ جبکہ پاکستان کی جانب سے بھی اس اسٹاف کیلئے ویزا پہلے سے ہی جاری کر دیا گیا ہے۔ پی ایس ایل کے میچز دو بھارتی کمپنیاں ٹیک فرنٹ اور آئی ایم جی ریلائنس نشر کر رہی ہیں۔ جو بیک وقت آئی پی ایل کی بھی شیئر ہولڈرز ہیں۔ بھارتی کمپنی آئی ایم جی کرکٹ میچوں کی پروڈکشن کا تجربہ رکھتی ہے اور 10 برس انڈین پریمیئر لیگ کے میچز دکھاتی رہی ہے۔ اس کمپنی کا کام خالصتاً تکنیکی ہے۔ یعنی کیمرے اور دیگر آلات نصب کر کے میچ کو دکھانا اور ریکارڈ کرنے کا کام اس کے سپرد کیا گیا ہے۔ بھارت میں اس وقت سونی ٹی وی پاکستانی لیگ کی لائیو کوریج پیش کر رہا ہے۔ پی سی بی کے ایک ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ میں بھارتی فوجیوں پر حملے کے بعد بھارتی براڈ کاسٹرز کمپنوں کو پاکستانی لیگ سے سائیڈ لائن کرنے کیلئے سرکاری سطح پر دبائو ڈالا گیا ہے۔ جبکہ بھارت میں پی ایس ایل کی لائیو کوریج کی بندش کیلئے کئی ریاستوں کی فریکوئنسی تبدیل کردی گئی ہے۔ دوسری جانب دبئی اور شارجہ میں بھارتی بکیوں کو آزادانہ سرگرمیوں کی کھلی چھوٹ حاصل ہے۔ ذرائع کے مطابق یو اے ای میں موجود بھارتی سفارتخانے میں قائم بد نام زمانہ خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ڈیسک انچارج نے دبئی میں موجود بھارت کے پانچ بک میکرز سے مقامی ہوٹل میں ایک خفیہ میٹنگ کی اور پاکستان سپر لیگ کو متنازعہ بنانے کے حوالے سے پلان تشکیل دیا۔ اس وقت دبئی میں بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، برطانیہ، جنوبی افریقہ، افغانستان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد بک میکرز اور ان کے کارندوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سٹہ مافیا نے دبئی کے 4 مختلف ہوٹلوں میں رہائش رکھی ہے۔ ان کے ساتھ تین انڈین چینلز کے رپورٹرز اور تین غیر ملکی میڈیا ہاؤسز کے صحافیوں سمیت دو فوٹو گرافرز بھی موجود ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ بھارت کے رمیش لال، قادر بھائی بمبئی والے، انو کمار، راجیش، راجن چندی گڑھ والا بھارتی بک میکرز کو لیڈ کر رہے ہیں۔ ان کے علاوہ لال چند، گوپال، شرما، وکرم سنگھ سمیت دیگر بھی متحرک ہیں۔ ان کے علاوہ دائود نامی بکی بھی کافی متحرک ہے، جس کے پاکستان اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ٹیموں کے نامور کھلاڑیوں سے قریبی تعلقات ہیں۔ دائود بھارتی، بنگلہ دیشی، برطانوی اور جنوبی افریقن بکیز کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ ان بک میکرز کے ہدف میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے بقول بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘ ‘ رواں برس برطانوی سرزمین پر منعقد ہونے والے ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم کا مورال ڈائون کرنا چاہتی ہے۔ اسی لئے وہ ہر قیمت پر پاکستانی کھلاڑیوں کی بکیز کے ساتھ تصاویر یا ویڈیوز بنانا چاہتی ہے، جسے پاکستان سپر لیگ کو بدنام کرنے کیلئے استعمال کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ بھی باقاعدہ متحرک ہے۔ کیونکہ وہ آئی پی ایل کی کامیابی کو برقرار رکھنے کیلئے ہر صورت پی ایس ایل کو متنازعہ بنانا چاہتا ہے۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More