فرنچائز مالکان کے ڈگ آؤٹ میں بیٹھنے کا متنازع فیصلہ
دبئی (امت نیوز) پی سی بی نے نئی روایت قائم کرتے ہوئے پی ایس ایل میں دوران میچ مالکان کو ڈریسنگ روم اور ڈگ آؤٹس میں رہنے کی اجازت دے دی۔ اس سے قبل ابتدائی تینوں ایڈیشنز میں ایسا نہیں ہوا تھا،ذرائع نے بتایا کہ ایسا سیاسی اثرورسوخ رکھنے والے ایک ٹیم اونر کے کہنے پر کیا گیا جو لائم لائٹ میں رہنے کے بے حد شوقین ہیں۔ گذشتہ دنوں ٹیم اونرز کی میٹنگ میں جب اس حوالے سے بات ہوئی تو بیشتر مالکان نے مخالفت کی مگر بورڈ نے فیصلے کا پھر بھی نفاذ کر دیا،اب ٹیم مالکان کی صوابدید ہے کہ وہ جب چاہیں میچ کے دوران کھلاڑیوں کے پاس جا سکتے ہیں۔ رواں سیزن میں پہلی بار پی سی بی کو آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کی معاونت بھی حاصل ہے۔ ذرائع کے مطابق انھوں نے بھی اس اقدام پر ناپسندیدگی ظاہرکی،البتہ ڈومیسٹک ایونٹ ہونے کی وجہ سے وہ ازخود کوئی مداخلت نہیں کر سکتے البتہ کونسل کو اس حوالے سے رپورٹ ضرور دیں گے۔
٭٭٭٭٭