ورکنگ بائونڈری-کنٹرول لائن پر شدید جھڑپیں-10 بھارتی ہلاک

0

راولپنڈی/ نئی دہلی(امت نیوز/ نمائندہ امت/ایجنسیاں) بھارتی طیاروں کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد ورکنگ بائونڈری اورکنٹرول لائن پرشدیدجھڑپیں شروع ہوگئیں ،جن میں آخری اطلاعات تک دشمن کی دو چوکیاں تباہ اور10 فوجی ہلاک ہو چکےہیں۔ سیالکوٹ کے بجوات سیکٹر میں پاکستان نے ٹینک بھی پہنچا دیئے ہیں۔ نکیال اورکھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارتی گولہ باری سے4شہری شہید اورمتعدد زخمی ہو گئے۔قریبی دیہات خالی کرا لئے گئے۔بھارتی افسران واویلا مچا رہے ہیں کہ پاکستانی فوج اینٹی ٹینک میزائل بھی داغ رہی ہے۔ بھارتی صحافی برکھا دت نے تصدیق کی ہے کہ دونوں محاذوں پر جنگ کی سی کیفیت ہے۔قبل ازیں بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے طیاروں نے بالا کوٹ میں جیش محمد کا کیمپ تباہ کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو بھارتی طیاروں کی جانب سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کے بعدورکنگ بائونڈری اورکنٹرول لائن پرشدیدجھڑپیں شروع ہوگئی ہیں۔اطلاعات کے مطابق سیالکوٹ کے بجوات سیکٹرمیں شدیدجھڑپ کے بعد الخالد اور ضرار ٹینک اگلے مورچوں کی طرف بھیجے گئے ہیں جبکہ فضائی گشت بھی بڑھ گیاہے۔ بھارتی حکومت کے ایک افسرنے ٹویٹ کرتے ہوئے واویلا مچایا ہے کہ پاکستانی فوج ٹینک شکن میزائل استعمال کر رہی ہے۔ان میں سے ایک میزائل نے مقبوضہ کشمیرمیں ہدف کونشانہ بنایا۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی 2 چوکیاں تباہ اور10 فوجیوں کو ہلاک کردئیے ہے ۔ غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد24ہے۔ جبکہ ایک پاکستانی فوجی بجوات سیکٹر میں شہید ہوا۔آزاد کشمیر کے 8 سیکٹرز میں شدید فائرنگ اور گولہ باری کی جارہی ہے جن میں،کھوئی رٹہ، نکیال، عباس پور، تتہ پانی، گوئی، نیزہ پیر، ضلع بھمبر کے بھرنانہ سیکٹر،فارورڈ کہوٹہ شامل ہیں۔ قریبی دیہات خالی کرائے جارہے ہیں۔ نکیال سیکٹر کےدھروتی گاؤں میں مکان پر بھارتی گولہ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد شہید ہوگئے، جن میں ماں، بیٹا اور بیٹی شامل ہے، واقعے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔کھوئی رٹہ سیکٹر کے علاقے سیری میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے، 4 کو کوٹلی اسپتال منتقل کیا گیا،شہید ہونے والوں میں گلفراز ، 9 سالہ زرینہ بی بی، موتیاں بیگم اور شہناز شامل ہیں۔چھمب میں گولہ باری اور فائرنگ سے خوف وہراس پھیل گیا، گولہ باری کی آواز بارڈر سے 15 کلومیٹر دور برنالہ شہر میں بھی سنی جارہی ہے، ملحقہ علاقوں میں نقل مکانی جاری ہے۔پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے، کئی علاقوں میں بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں، کہیں کہیں ہلکی پھلکی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔عباس پور کنٹرول لائن پر بھارتی افواج نے ککوٹہ، پولس، تروٹی ، ستوال ، پنیال دھڑا اور چڑی کوٹ منڈہول پر فائرنگ کی ہے جبکہ علاقے میں مواصلاتی نظام بھی بند ہوگیا ہے۔بھارتی فوج شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔ کمشنر میر پور ڈویژن محمد طیب کے مطابق علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے اور تمام اداروں کو ہائی الرٹ کر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔کنٹرول لائن پر انٹرنیٹ سروس ،تھری جی فور جی سروس معطل کردی گئی ،جبکہ موبائل فون سروس رات 8 بجے کےبعد بحال کی گئی۔ضلع کوٹلی کے چاروں سیکٹرز چڑھوئی،کھوئی رٹہ،نکیال اور تتہ پانی کی سول آبادی پر بھارتی فوج نے بلا اشتعال گولہ باری کی۔ ضلع پونچھ کے درہ شیر خان اور بٹل سیکٹر میں بھی بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی پر شدید گولہ باری جاری ہے، تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔برطانیہ کے دورے پر گئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اپنا دورہ مختصر کرتے ہوئے پہلی دستیاب فلائٹ سے وطن واپس پہنچنے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگ بھارتی فوج سے ڈرنے والے نہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ بھارتی صحافی برکھا دت نے تصدیق کی ہے کہ ورکنگ بائونڈری اور کنٹرول لائن پر جنگ جیسی صورتحال ہے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقوں بالا کوٹ اور کرشنا گھاٹی میں پاکستان کی طرف سے داغے گئے درجوں مارٹر گولے گرے۔ قبل ازیں بھارتی خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے نے ہنگامی پریس بریفنگ میں دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی فضائیہ کے حملے میں جیش محمد کا بالاکوٹ میں واقع مبینہ ٹریننگ کیمپ پوری طرح تباہ ہو گیا اور اس میں کئی سینئر کمانڈرز سمیت350 مبینہ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔انہوں نے کہا یہ حملہ انٹیلی جنس رپورٹ کے بعد کیا گیا اور یہ کیمپ مسعود اظہر کے رشتے دار یوسف اظہر کی زیر نگرانی کام کر رہا تھا۔ منگل کی صبح ساڑھے تین بجے 12 میراج 2000 طیاروں نے کیمپ پر بمباری کی۔ اس حملے میں ایک ہزار کلو گرام وزنی بم استعمال ہوئے۔ بھارتی حکام نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ طیارے21 منٹ تک پاکستانی فضائی حدود میں رہے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے خود صدر رام ناتھ کووند سے مل کر اس کارروائی کی اطلاع دی۔ انہوں نے بعد میں راجستھان میں انتخابی جلسےسے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارت محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

 

راولپنڈی(امت نیوز /ایجنسیاں) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے سرجیکل اسٹرائیک کا بھارتی دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک اینٹ بھی نہیں ٹوٹی۔ پاک فضائیہ کے پہنچنے پر بھارتی طیاروں نے واپسی کیلئے اپنی اسپیڈ بڑھانے کے لئے بارودی مواد گرادیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے حملہ نہیں در اندازی کی اور اب ہماری باری ہے، ہم بھارت کے جھوٹ کا جواب سچ سے دیں گے۔ ہمارا جواب مختلف ہو گا، وقت اور جگہ کا تعین ہم خود کریں گے اور بھارت ہمارے سرپرائز کا انتظار کرے۔ڈی جی آئی ایس پی آرنے منگل کو ہنگامی پریس کانفرنس میںبھارت کو چیلنج کیا کہ وہ اپنے طیارے 21 منٹ تک پاکستان کی فضائی حدود میں رکھ کر دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ بیوقوف دوست سے عقل مند دشمن بہتر ہوتا ہے، ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہمارا ہمسایہ بھارت دشمنی میں بھی بے وقوفی اور جھوٹ کا سہارا لیتا ہے۔ 14 فروری کے بعد سے کیپ مشن فضا میں ہیں، پیشہ وارانہ کام چلتے رہتے ہیں۔ بھارت کی فارمیشن چار سے پانچ ناٹیکل میل اندر آئی جنہيں پاکستان ایئر فورس نے چیلنج کیا، پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی طیاروں نے اپنا ‘پے لوڈ’ (جہاز پر موجود گولہ بارود) بالاکوٹ کے نزدیک گرا دیا، لیکن اس سے کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔ ان کے چار بم جبہ کے مقام پر گرے۔ان کا کہنا تھا کہ رات کو ہمارا کمبٹ فارمیشن قریب تھا جب سیالکوٹ میں پہلی بار بھارتی طیارے ریڈار پر آئے، ہماری فورس نے انہیں چیلنج کیا لیکن وہ قریب نہیں آئے اور اپنی حدود میں رہے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ایک بھارتی فارمیشن اوکاڑہ بہاولپور سیکٹر میں ریڈار نے نوٹ کیا، اگر یہ ہماری کسی بھی ملٹری پوزیشن پر اسٹرائیک کرتے تو ایئرفورس کی فائٹ ہوتی۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر یہ مورچے پر اٹیک کرتے تو فوج اور ایئرفورس تیار ہے، اگر آرمی کی پوسٹ پر اسٹرائیک ہوتی تو یونیفارم اہلکاروں کی شہادت ہوتی لیکن ان کا مقصد سویلین کو نشانہ بنایا تھا تاکہ وہ دعویٰ کرسکیں کہ انہوں نے دہشتگرد کیمپوں پر حملہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ انہيں لائن آف کنٹرول کی طرف آتے ہوئے اور واپس جاتے ہوئے 4 منٹ لگے، اگر ایل او سی پر اسٹرائیک کرتے تو فضائیہ کی فائٹ ہوتی ہے جو نہیں ہوئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بدقسمتی سے خراب موسم کے باعث میں صحافیوں کو جبہ نہ لے جا سکا۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ کہ بھارت نے 350 سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا لیکن میں کہتا ہوں کہ کوئی ایک اینٹ بھی نہیں ٹوٹی، اگر وہاں کوئی عمارت ہوتی یا 10 لوگ بھی مرے ہوتے تو وہاں ملبہ ہوتا، لاشیں ہوتی، خون ہوتا لیکن جھوٹ کے کوئی پاؤں نہیں ہوتے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے بھی بھارت کے جھوٹ کو بے نقاب کیا اور آئندہ بھی کریں گے اور ہم بھارت کے جھوٹ کا جواب سچ سے دیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جس جگہ بھارتی فوج نے حملے کا دعویٰ کیا وہ جگہ سب کے لیے کھلی ہے، تمام سفیروں،فوجی اتاشیوں کے لیے جگہ کھلی ہے، پاکستان میں موجود اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کے گروپ کے لیے بھی جگہ کھلی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے سویلین یا فوجی نمائندے بھی آئیں اور آ کر دیکھیں اور اپنے وزیر اعظم کو حقیقت سے آگاہ کریں۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہم بھارت کی طرح غیر جمہوری ملک نہیں بلکہ ایک جمہوری ملک ہیں اور پوری قوم اور سیاسی جماعتیں یکجا ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے حملہ نہیں در اندازی کی اور اب ہماری باری ہے، پہلے بھی کہا تھا کہ بھارت ہمیں کبھی سرپرائز نہیں کر سکتا لیکن ہم بھارت کو سرپزائر کر سکتے ہیں، ہمارا جواب مختلف ہو گا، وقت اور جگہ کا تعین ہم خود کریں گے اور بھارت ہمارے سرپرائز کا انتظار کرے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More