احتساب عدالت نے علیم خان کو جیل بھیج دیا

0

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)احتساب عدالت نے سابق سینئر صوبائی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی نیب تحویل ختم کرکے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا،مزید ریمانڈکی درخواست مستردکرتے ہوئے نیب کوجلدریفرنس دائرکرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق نیب نے عبدالعلیم خان کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیا۔ نیب نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا کی، جس پر عبدالعلیم خان کے وکلا نے مخالفت کی اور نشاندہی کی کہ مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔احتساب عدالت نے عبدالعلیم خان کا جسمانی ریمانڈدینے کی استدعا مسترد کر دی اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پرکوٹ لکھپت جیل بھیج دیا۔سابق صوبائی وزیر اپنی گرفتاری کے بعد تفتیش کیلئے 28 روزتک نیب کی تحویل میں رہے۔ احتساب عدالت نے نیب کو ہدایت کی کہ جلد از جلد عبدالعلیم خان کیخلاف ریفرنس دائر کرے۔ عبدالعلیم خان نے نیب کے بارے میں کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کر تے ہوئے کہا کہ اللہ صبر کرنیوالوں کیساتھ ہوتا ہے ۔احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے ہدایت کی کہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر عبدالعلیم خان کو 18 مارچ کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔ علیم خان کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ تحریک انصاف کے رہنما شعیب صدیقی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عدالت کے حکم پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ نیب نے عدالت میں علیم خان کا دوبارہ ریمانڈ مانگا تھا اور کہا تھا کہ انہوں نے کوئی جائیداد ظاہر نہیں کی جب کہ ایسے کوئی کاغذات نہیں جو علیم خان نے نیب کو نہیں دیے ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے علیم خان کو جیل بھیجنے کا حکم دیا، آج اللہ نے ہمیں عدالت میں سرخرو کیا ہے، انشاء اللہ علیم خان جلد رہا ہوں گے۔شعیب صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ ہم مشاورت کے بعد جلد عبدالعلیم خان کی درخواست ضمانت بھی دائر کریں گے۔واضح رہے کہ نیب لاہور نے 6 فروری کو علیم خان کو آف شور کمپنی اسکینڈل اور آمدن سے زائد اثاثوں کی تفتیش کے لیے طلب کیا تھا، جس کے لیے وہ نیب آفس پہنچے، جہاں انہیں حراست میں لے لیا گیا تھا۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More