کوئٹہ کا اہم ترین ’’گلیڈی ایٹر‘‘ کراچی میں جلوہ گر ہوگا

0

ندیم بلوچ
کوئٹہ کا اہم ترین ’’گلیڈی ایٹر‘‘ شین واٹسن کراچی میں جلوہ گر ہوگا۔ آسٹریلیا کے شہرہ آفاق آل رائونڈر کو کراچی میں میچز کھیلنے کیلئے بلوچستان کی حکومت نے راضی کیا۔ انہیں کوئٹہ کو ٹائٹل جتوانے پر منہ مانگی قیمت دی جائے گی۔ جبکہ پاکستان میں میچز کھیلنے کے الگ پیسے بھی دیئے جارہے ہیں۔ جبکہ دو برس بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام غیر ملکی پلیئرز آنے کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔
’’امت‘‘ کو دستیاب اطلاعات کے مطابق گزشتہ دو پی ایس ایل ایونٹس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان پہنچنے تک اپنے تمام اہم غیر ملکی پلیئرز کی خدمات سے محروم ہوگئی تھی۔ اس بار بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کچھ ایسی ہی کیفیت کا شکار تھی۔ لیکن آخری لمحات پر شین واٹسن نے نہ آنے کے فیصلے کو بدل کر کراچی میں پی ایس ایل میچز کا ماحول گرما دیا ہے۔ اس سے قبل شین واٹسن گزشتہ دو برس سے پاکستان آنے سے بچنے کیلئے ٹیم مالک ندیم عمر اور کپتان سرفراز احمد کو بہانے تراشتے رہے۔ لیکن اس بار انہیں پیچھے ہٹنے سے روکنے میں بلوچستان کی صوبائی حکومت کا کردار انتہائی اہم رہا۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ شین واٹسن کو کئی گھنٹوں تک قائل کرنے کی کوشش کی جاتی رہی۔ ٹیم مینجمنٹ انہیں یقین دلاتی رہی کہ پاکستان کے حالات اب اچھے ہیں اور وہاں سیکورٹی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔ اسی دوران ٹیم اونر ندیم عمر نے ویڈیو کانفرنس کال کے ذریعے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے شین واٹسن سے بات چیت کرائی۔ جس میں شین واٹسن کو پاکستان آنے کی گزارش کی گئی۔ انہیں یہ بھی کہا گیا کہ وہ معاوضے اور سیکورٹی کے حوالے سے فکر نہ کریں۔ انہیں خصوصی پیکیج کے ساتھ ٹیم کا ٹائٹل جتوانے پر منہ مانگی رقم بھی دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق شین واٹسن نے فوری حامی بھرنے کے بجائے اپنے اہلخانہ سے مشاروت کے بعد ٹیم اونر کو حتمی جواب سے آگاہ کرنے کیلئے وقت مانگا۔ انہوں نے گزشتہ روز پاکستان آنے کے فیصلے سے اپنی ٹیم انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے۔ یوں کامیاب مذاکرات کے بعد شین واٹسن کی پاکستان آمد کا اعلان ان کے منیجر اعظم خان نے کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شین واٹسن نے پاکستان آنے کیلئے بھاری معاوضہ طلب کیا اور بلوچستان حکومت نے بھی انہیں پاکستان آنے کیلئے معاوضہ دینے کا یقین دلایا ہے۔ ذرائع کے مطابق شین واٹسن کو صرف پاکستان آنے پر اضافی دو لاکھ ڈالرز دیئے جارہے ہیں۔ شین واٹسن دیگر غیر ملکی ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ہفتے کو کراچی پہنچ رہے ہیں۔ جہاں اتوار کو ان کا پہلا میچ شیڈول ہے۔ ان کے ساتھ آنے والوں میں رائلی روسو، ڈوائین براوو اور فواد احمد شامل ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان میں اپنی پوری ٹیم کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپننگ بلے باز شین واٹسن نے کہا کہ ’’دنیا کے پرجوش شائقین کرکٹ کے ملک پاکستان کا دورہ کیے ہوئے 14 سال ہوگئے ہیں۔ اب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ٹرافی کا مالک بنانے کیلئے بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے بے تاب ہوں‘‘۔ واضح رہے کہ شین واٹسن پاکستان سپر لیگ سیزن فور میں اب تک 9 میچوں میں 332 رنز بنا چکے ہیں۔ دوسری جانب کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کراچی کنگز سے زیادہ پذیرائی حاصل ہے۔ جس کی وجہ سرفراز احمد ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز وہ واحد ٹیم ہے، جس میں زیادہ تر کھلاڑیوں کا تعلق شہر قائد سے ہی ہے۔ جبکہ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ٹائٹل کی سب سے مضبوط ترین امیدوار ہے۔ پی ایس ایل میچز کے دوران سرفراز احمد ٹیم میں شامل مقامی کھلاڑیوں کا خون گرمانے کیلئے ورلڈ کپ میں موقع دینے کی باتیں کرتے دکھائی دیئے ہیں۔ جس کے سبب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام کھلاڑیوں میں انرجی لیول غیر معمولی رہا۔ یہی وجہ ہے کہ ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل میں سب سے آگے ہے۔ دوسری جانب لاہور قلندرز کے کھلاڑی دو مختلف پروازوں سے آج پاکستان آرہے ہیں۔ جبکہ کراچی اور اسلام آباد کی ٹیمیں بھی اسی روز کراچی پہنچیں گی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس بار انگلینڈ کے بیٹسمین ای این بیل کو حاصل کیا تھا۔ لیکن وہ ان فٹ ہو کر پی ایس ایل سے باہر ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے دیگر تمام غیر ملکی کرکٹرز پاکستان آنے کے لئے تیار ہیں۔ ان میں لیوک رانکی، فلپ سالٹ، کیمرون ڈیل پورٹ اور سمت پٹیل شامل ہیں۔ ملتان سلطانز کی ٹیم پی ایس ایل کے پلے آف سے باہر ہو چکی ہے اور اب اس کا صرف ایک میچ لاہور قلندرز کے خلاف باقی ہے۔ ملتان سلطانز کے منیجر سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان کے مطابق ان کی ٹیم کے تمام ہی غیر ملکی کرکٹرز پاکستان جا رہے ہیں۔ کراچی کنگز کے تمام غیر ملکی کرکٹرز بھی پاکستان میں موجود ہوں گے۔ جن میں کولن منرو، کالن انگرم، لونگ اسٹون، سکندر رضا اور روی بھوپارہ قابل ذکر ہیں۔ پشاور زلمی وہ ٹیم ہے جس کے تمام ہی غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آتے رہے ہیں۔ ٹیم کے سربراہ جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ اس بار بھی تمام غیر ملکی کرکٹرز کراچی آرہے ہیں۔ لاہور قلندرز کے اے بی ڈی ویلیئرز نے کمر کی تکلیف کو وجہ بناتے ہوئے پاکستان جانے سے معذرت کرلی ہے۔ ان کے علاوہ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن نے پہلے ہی پاکستان جانے سے منع کر دیا تھا۔ ملتان سلطانز کے آندرے رسل اور لاہور قلندرز کے کارلوس بریتھ ویٹ ویسٹ انڈیز ٹیم میں شامل ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل چھوڑ کر جا چکے ہیں۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More