شہدا کے سوئم پر ڈسکو دیوانے کا راج

0

کراچی(اسپورٹس رپورٹر/امت نیوز) شہدائے نیوزی لینڈ کے سوئم پر نیشنل اسٹیڈیم میں ڈسکو دیوانے کا راج رہا۔ مالی مفادات کیلئے پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ بے حس ہوگئی۔ گزشتہ دنوں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں نمازیوں کے خون سے بپتسمہ لینے والےسفید فام کی دہشت گردی پر پوری دنیا غم میں ڈوب گئی۔ حتی کہ بعض یورپی ممالک نے بھی یوم سیاہ منایا ،لیکن کرکٹ بورڈ ناچ گانے کی محفل کسی صورت منسوخ کرنے کیلئے تیار نہیں ہوا۔ مزید 3 شہادتوں کی تصدیق کے بعد پاکستانیوں کی اموات 9 تک پہنچنے کے باوجود سادگی اختیار کرنے کے بجائے میوزیکل کنسرٹ کو کامیاب بنانے کیلئے پیسہ پانی کی طرح بہایا۔ ڈانس فلور اور لائٹس پر کروڑوں پھونک دیئے۔ شہدا سے اظہار تعزیت کیلئے صرف ایک منٹ کی خاموشی رکھی گئی اور اس کے فوراً بعد ہی سیٹیاں بجنے لگیں۔مرحومہ نازیہ حسن کے شہرہ آفاق گانے ڈسکو دیوانے کی پرفارمنس کرنے والی آئمہ بیگ نے لباس بھی انتہائی چست پہن رکھا تھا۔ پی ٹی آئی کے رہنما ابرارالحق کے نچ پنجابن نچ اور دیگر گانوں پر تماش بین جھومتے رہے۔ ڈی جے کی جانب سے پی ایس ایل کے ٹائٹل نغمے اورمست ملنگ سمیت دیگر گانے بھی چلائے گئے۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل انتظامیہ نے ثقافت کے نام پر خواتین رقاصائیں بھی بلا رکھی تھیں، جن کی تربیت فلڈ لائٹس میں اتوار کی صبح تک کی جاتی رہی ،تاہم عوامی دباؤ کے بعد آخری لمحات میں ڈانسرز کو پرفارمنس سے روک دیا گیا۔ واضح رہے کہ جمعہ کے روز رونما ہونے والے افسوسناک واقعہ پر جب ’’امت‘‘ نے اسٹیڈیم کی میڈیا گیلری میں ایک پی سی بی اہلکار سے دریافت کیا کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں نمازیوں کی شہادت پر پی ایس ایل فائنل کی اختتامی تقریب میں سادگی اپنائی جائے گی یا نہیں؟ تو انہوں نے انگریزی میں بڑے پیشہ وار انداز میں جواب دیا ،جس کا صاف مطلب یہ تھا کہ ہمیں کسی بھی طرح پیسہ کمانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ dear this is sports event, we can’t stop because we have to face comercial issues if we stop closing ceremony. ۔(میرے بھائی پی ایس ایل ایک اسپورٹس ایونٹ ہے۔ اختتامی تقریب نہیں روک سکتے ،ورنہ ہمیں مالی مسائل کا سامنا ہوگا۔) المیہ یہ ہے کہ کرائسٹ چرچ میں نمازیوں کے قتل عام پر پیرس ایفل ٹاور کی لائٹیں سوگ کی وجہ سے بند کردی گئیں۔ جبکہ کئی یورپی اور افریقی ممالک میں قومی سطح پر سیاہ دن منایا گیا۔ لیکن پاکستان جیسے اسلامی ملک کے کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو صرف لیگ کی اختتامی تقریب کے کنسرٹ کے کامیاب انعقاد کی فکر پڑی رہی۔ حالانکہ نیشنل اسٹیڈیم میں موجود بعض افسران اور صحافیوں کی جانب سے پی ایس ایل اختتامی تقریب منسوخ کرنے کیلئے وٹس ایپ گروپس میں مہم بھی چلائی گئی۔ جس میں تقریب منسوخی کیلئے بورڈ اور حکومت سے اپیل کی گئی۔ مذکورہ پیغام میں پی سی بی حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ پی ایس ایل فائنل میں گرینڈ فنکشن کو منسوخ کیا جائے۔ تاکہ کرائسٹ چرچ میں شہید نمازیوں سے اظہار یکجہتی کا پیغام دنیا بھر میں جائے۔ ہم بحیثیت مسلمان ہر مشکل میں اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور تمام شہدا کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کے دعویداروں کو یہ ہرگز زیب نہیں دیتا کہ ایک طرف مسلمانوں کے ناحق خون بہے اور دوسری جانب اسلام کے نام پر بنی ریاست میں ایسے سوگ کے موقع پر ناچ اور گانے کی محفل سجائی جائے۔ اسی طرح چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھی کنسرٹ منسوخ کرنے کی تجویز دی گئی۔ تاہم انہوں نے بھی ماننے سے انکار کردیا۔ اسی طرح پی ایس ایل میں شریک بعض کھلاڑیوں میں بھی اس حوالے سے غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ البتہ تنازعے سے بچنے کیلئے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب متاثرین سے اظہار یکجہتی کی ایک مثال ہمارے دشمن ممالک بھارت نے بھی پیش کی ہے۔ بھارت نے اپنے فوجیوں کی ہلاکت کے بعد آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب منسوخ کرکے ناچ گانے میں خرچ ہونے والا پیسہ پلوامہ حملے کے لواحقین کو دینے کا اعلان کیا تھا۔ اسی طرح حکومتی شخصیات کی جانب سے تجویز دی گئی تھی کہ بھارتی ٹیم کی جانب سے میچ کے دوران فوجی ٹوپیوں کے استعمال کا جواب پی ایس ایل سیزن فور کے فائنل میں تماشائیوں کو مفت فوجی ٹوپیاں تقیسم کرکے دیا جائے گا۔ لیکن یہ آئیڈیا بھی پاکستان کرکٹ بورڈ نے ماننے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے بقول پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ پاکستان اب بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے عمل سے گزر رہا ہے۔ اگر ہم اس طرز کا سیاسی ردعمل میدان میں دیں گے تو آئی سی سی کے بھارتی سربراہ ششانک منوہر پاکستان کرکٹ کی مشکلات میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں۔ لہذا پی ایس ایل سیزن فور کی کراچی میں کامیابی ہی بھارت کو جواب دینے کیلئے کافی ہے۔ ہمیں اب بھی آئی سی سی سے پاکستان میں دیگر انٹرنیشنل سیریز کیلئے سیکورٹی کلیئرنس درکار ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں پی ایس ایل کی کامیابی سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے منہ میں پانی بھر آیا ہے۔ اور اس ایونٹ کو پی سی بی کسی بھی جذباتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کیلئے ہرگز تیار نہیں۔ حیران کن طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی میں پی ایس ایل کے آٹھ میچز منعقد کرکے ایک ارب 75 کروڑ کا بزنس کرلیا ہے اور یہ معاوضہ گیٹ منی کے تحت پی سی بی اور ٹیم فرنچائزرز میں بھی تقسیم کیا جائے گا۔ پی سی بی کو سب سے بڑا اسٹیپ فارورڈ کراچی کے شائقین نے دیا، جو ہر روز اسٹیڈیم ہائوس فل کرکے یومیہ کروڑوں کما کر دے رہے تھے۔ جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تماشائیوں کیلئے لگائے گئے فوڈز اسٹالز سے بھی خوب منافع کمایا۔ ایک دکاندار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ’’امت‘‘ کو بتایا کہ بھائی ہم نے آٹھ روزہ میلے کی آدھی رقم انتظامیہ کو دیدی ہے۔ ہم سے آٹھ دن کا معاہدہ چار لاکھ روپے میں کیا گیا ہے، جو ہم پی سی بی کو کماکر دیں گے۔ ہماری خواہش ہے کہ فائنل میچ میں بھی ایسی ہی تگڑی کمائی کا موقع مل سکے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کی اختتامی تقریب کی تیاری ہفتے کی صبح سے شروع کردی گئی تھی۔ رات چار بجے تک فلڈ لائٹس میں ڈانس پریکٹس اور اسٹیج سجانے کا کام جاری رہا۔ اس دوران نمائندہ ’’امت‘‘ نے مشاہدہ کیا کہ درجن کے قریب سپورٹرز، خواتین ڈانسرز 68 فٹ لمبے اسٹیج پر مختلف گانوں میں ریہرسل کررہی ہیں۔ جبکہ دیگر گلوکار بھی ٹرینرز سے ڈانس اسٹیپس سیکھتے دکھائی دیئے۔ اس دوران پی سی بی کا عملہ بھی قریب کھڑے ہوکر ڈانس سے لطف اندوز ہورہا تھا اور فنکاروں کے ساتھ سیلفیاں لیتا رہا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کنسرٹ کو یادگار بنانے کیلئے بڑے پیمانے میں سرمایہ کاری کی۔ صرف دلکش اسٹیج اور نیو لائٹس سے ڈانس فلور کی تیاری پر بورڈ کو ایک انٹرنیشنل کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی رقم ادا کی ہے۔ اسی طرح غم کے ماحول میں نیشنل اسٹیڈیم میں فائر ورک کا شاندار اور سحر انگیز انتظام کیا گیا۔ جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں مختلف مقامی گلوکاروں اور فنکاروں کو ایونٹ میں پرفارم کرنے کیلئے پانچ سے 22 لاکھ روپے دیئے گئے ہیں۔ ادھر مرحومہ نازیہ حسن کا گانابغیر اجازت استعمال کرنے پر پی سی بی کو قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دینے والے ان کے بھائی زوہیب حسن کو بھی صرف ایک لاکھ روپے میں رام کیا گیا اور پی سی بی نے انہیں یقین دلایا کہ پی ایس ایل ایونٹ کے فائنل میں نازیہ حسن کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ اسی طرح اسپین کی قومی فٹبال ٹیم اور مشہور کلب بارسلونا کے لیجنڈری فٹبالر کارلوس پیول بھی خصوصی طور پر نیشنل اسٹیڈیم آئے اور اسٹیج پر آکر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اسٹار فٹبالر کراچی میں ورلڈ ساکراسٹارز کے میچز کی پروموشن کریں گے۔ انہوں نے وی وی آئی پی پروٹوکول میں پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھا۔ واضح رہے کہ فائنل سے قبل شاندار میوزیکل کنسرٹ اہتمام کیا گیا۔ جس میں آئمہ بیگ، ابرار الحق، فواد خان اور جنون گروپ اسٹیج پر جلوہ گرہوئے۔ فائنل میچ میں گلیڈی ایٹرز کی پہلی بار کامیابی پر سحرانگیز آتش بازی کا شاندارمظاہرہ کیا گیا جو مسلسل 15 منٹ تک جاری رہی اور اس کی آوازوں سے اطراف کا علاقہ بھی گونج اٹھا۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More