بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ کولن انگرام کو حاصل
کراچی (امت نونز) پاکستان سْپر لیگ کی تاریخ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز کراچی کنگز کے نائب کپتان کالن انگرام کے پاس ہے۔ جبکہ ایونٹ میں دوسرا بڑا انفرادی اسکور کرنے کا اعزاز اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر کیمرون ڈپلپورٹ کو حاصل ہے۔ اتفاق ہے کہ پی ایس ایل میں بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ رکھنے والے دونوں کھلاڑیوں کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے۔ واضح رہے کہ کراچی کنگز کے کولن انگرام نے شارجہ میںپی ایس ایل کے 15ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرکے بالرز کی خوب دھنائی کی تھی۔ بائیں ہاتھ کے بنٹسمین کا بلا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں ابتدا سے اختتام تک رنز اگلتا رہا جو فتح کی صورت میں اختتام پذیر ہوا۔ کولن انگرام نے اپنی اننگز کے دوران 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے شاندار ناقابل شکست 127 رنز بنائے تھے جو اب تک پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔ دوسری جانب پی ایس ایل پاکستان منتقل ہوا تو کراچی میں کھلے گئے پہلے ہی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کیمرون ڈلپورٹ نے بھی سنچری جڑ دی۔ ڈلپورٹ نے 13 چوکوں اور 6چھکوں کی مدد سے 117 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔ جبکہ انہوں نے پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ اس سے قبل سْپر لیگ کی سب سے بڑی انفرادی اننگ کا ریکارڈ شرجیل خان کے پاس تھا، جنہوں نے پی ایس ایل کے افتتاحی ٹورنامنٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
٭٭٭٭٭