کراچی(رپورٹ / صفدر بٹ)سول اسپتال میں اینٹی ریبیز ویکسین کی قلت پیدا ہونے سے سگ گزیدگی کے متاثرہ افراد کو علاج کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے ۔اسپتال کی جانب سے کم ویکسین فراہم کرنے کے باعث بیشتر مریض ویکسین بازار سے خریدنے پر مجبورہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کے ماتحت اسپتالوں کیلئے رواں مالی سال کی ادویات خریداری نہ ہونے سے اسپتالوں میں مریضوں کو ادویات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر رتھ کے ایم فاؤ سول اسپتال کراچی میں مختلف امراض کے علاج کیلئے آنے والوں میں سے سگ گزیدگی کے شکار افراد کو بھی ادویات کی قلت ہونے سے پریشانی کا سامنا ہے۔ اسپتال میں شہر کے مختلف علاقوں سے کتے ، گدھے ، بندر سمیت دیگر جانوروں کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے یومیہ 60سے زائد کیسز رپورٹ ہوتے ہیں۔ ان میں 30سے 35کیسز نئے جبکہ دیگر کیسز پرانے ہوتے ہیں، جنہیں ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین لگانی ہوتی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کو مہلک مرض ریبیز سے بچاؤ کیلئے اینٹی ریبیز ویکسین کی 6ڈوز لگانا لازمی ہے ۔ اسپتال میں دیگر ادویات کی طرح اینٹی ریبیز ویکسین کا اسٹاک بھی ختم ہونے کے قریب ہے، جبکہ سینٹر کو یومیہ رپورٹ ہونے والے مریضوں سے کم ویکسین کی ڈوز فراہم کی جا رہی ہیں، جس کے باعث مریضوں کو بازار سے ویکسین خریدنا پڑ رہی ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کتے یا دیگر جانوروں کے کاٹنے پر 24گھنٹوں کے اندر اندر ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین لگوانا ضروری ہوتا ہے، بصورت دیگر وائرس سے متاثر ہونے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔اس لئے متاثرہ افراد ویکسین بازار سے خرید کر لگوانے پر مجبور ہیں۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریضوں کی تعداد سے زائد ادویات خریدی جاتی ہیں،تاہم گزشتہ چند ماہ سے سگ گزیدگی کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔رواں سال اب تک سگ گزیدگی کے 7ہزار 200سے زائد کیسز سول اسپتال میں رپورٹ ہوچکے ہیں۔رواں مالی سال ادویات کی خریداری میں بھی 3 ماہ سے زائد کی تاخیر ہوچکی ہے، جو ادویات اسپتال میں ختم ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ان کی مریضوں کو فراہمی میں عارضی طور پر مشکلات ہو رہی ہیں، جسے جلد ہی دور کر لیا جائے گا ۔