برسوں بعد سول ایوی ایشن پر انجینئرز لابی کا تسلط ختم

0

کراچی(رپورٹ: نبیل اختر)ایوی ایشن کے نئے سیکریٹری، سول ایوی ایشن اتھارٹی میں کلیدی عہدوں پر تعینات انجینئرز لابی توڑنے میں کامیاب ہوگئے۔مذکورہ انجینئرز کا برسوں سے ادارے پر تسلط قائم تھا۔سی اے اے میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ جاری ہے ۔انجینئر ہونے کے باوجود برسوں سے چیف ایچ آر کے عہدے پر تعینات سمیر سعید چارج دیئے بغیر دفتر بند کرکے چلے گئے ۔سیکریٹری ایوی ایشن نے نوٹس لے لیا۔کارروائی کا امکان ہے۔اہم ذرائع نے بتایا کہ ایوی ایشن ڈویژن میں تعینات ہونے والے نئے سیکریٹری نے سول ایوی ایشن اتھارٹی میں تعینات انجینئرز لابی توڑ دی۔ کلیدی عہدوں پر تعینات لابی کے افسران سی اے اے میں من مانیوں کے لئے مشہور ہیں، من پسند اقدامات نہ ہونے پر ایوی ایشن ڈویژن اور ڈائریکٹر جنرل سی اے اے کو بھی ملحوظ خاطر نہیں لاتے، بعض اوقات اپنی پوزیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت تک کو بلیک میل کرنا شروع کردیتے ہیں۔ماضی میں بھی اس لابی کو توڑنے کے لئے کوششیں کی گئیں، لیکن کامیابی نہ مل سکی، تاہم اس بار بڑے پیمانے پر تبادلوں کے احکامات نے مذکورہ لابی توڑنے میں کامیابی حاصل کی ہے، جس کا سارا کریڈٹ نئے سیکریٹری ایوی ایویشن کو جاتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سی اے اے ہیڈ کوارٹر سے جاری حکم نامہ HQCAA/ 2135/020/ HRCP کے مطابق ایگزیکٹو گروپ 9میں تعینات ڈائریکٹر کمرشل صادق الرحمن کو عہدے سے ہٹاکر پروجیکٹ ڈائریکٹر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنادیا گیا ہے۔اس طرح اس گروپ کے انجینئر سمیر سعید کو چیف ایچ آر کے عہدے سے ہٹاکر ڈائریکٹر انجینئرنگ سروسز تعینات کردیا گیا ہے۔ایگزیکٹو گروپ 9 کے ڈائریکٹر انجینئرنگ سروسز آصف علی شاہ گیلانی کو پروجیکٹ ڈائریکٹر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ایگزیکٹو گروپ 8 کے عتیق کو سی اے اے بورڈ کے سیکریٹری کے عہدے سے ہٹا کر ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹ تعینات کیا گیا ہے ۔ایگزیکٹو گروپ 8 میں تعینات منیجر پشاور ایئرپورٹ تمر رفیق کو قائم مقام ڈائریکٹر ایچ آر کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔اسی گروپ کے سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر لیگل زبیر حسین پراچہ کو سی اے اے بورڈ کے سیکریٹری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔اسی طرح اعزاز احمد کو ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ تعینات کیا گیا ہے۔ایگزیکٹو گروپ 7 کے اختر مرزا احمد کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ایئرپورٹ سروسز کے عہدے سے ہٹاکر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے چیف آپریشنز آفیسر کے عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر سعید احمد کو لاہور کے بجائے ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں چیف آپریشنز آفیسر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔حکمنامے کے مطابق ایگزیکٹو گروپ 7 کے افسر ذوالفقار علی میرانی کو ایڈیشنل ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے عہدے سے ہٹاکر ٹیکنیکل اسٹینڈرڈ ڈار تعینات کیا گیا ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جمال عبدالناصر کو ایڈیشنل ڈائریکٹر سی این این ایس اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تعینات کیا گیا ہے۔اس طرح ایڈیشنل ڈائریکٹر عبید الرحمن عباسی کو باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور تعینات کردیا گیا ہے، جبکہ چیف آف سی اے اے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (کاٹی) حیدر آباد کو ڈپٹی ایئرپورٹ منیجر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ حکم نامے کے مطابق صادق الرحمن کو ڈائریکٹر ایئرپورٹ سروسز کی اضافی ذمہ داری ڈپٹی ڈی جی سی اے اے سید عامر محبوب کو سونپ دی گئی ہے ،جو ایئرپورٹ سروسز کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ احکامات ملتے ہی برسوں چیف ایچ آر تعینات سمیر سعید نے اپنے دفتر کو تالا لگایا اور چلے گئے۔ انہیں نئے چیف ایچ آر (قائم مقام) ثمر رفیق کو ذمہ داری منتقل کرنا تھا۔معلوم ہوا ہے کہ سمیر سعید کے خلاف سیکریٹری ایوی ایشن نے نوٹس لے لیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More