کراچی(رپورٹ:نعمان اشرف) متحدہ یوسی چیئرمین بہادر شاہ مارکیٹ میں چائنا کٹنگ کرانے لگا، بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین مارکیٹ میں بیت الخلا کی اراضی پر غیر قانونی دکانیں تعمیر کرانے میں مصروف ہیں، دکانداروں کے منع کرنے پر یوسی چیئرمین تاجروں کو دھمکیاں دے رہا ہے، درخواستوں کے باوجود میئر کراچی کارروائی سے گریزاں ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ مارکیٹ میں متحدہ پہلے بھی دکانداروں سے لاکھوں روپے بھتہ وصول کرتی رہی ہے اور اس سے قبل بھی مارکیٹ میں غیرقانونی تعمیرات کرکے دکانیں تعمیر کی گئی ہیں، جس کی مد میں لاکھوں روپے بٹورے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ بہادر شاہ مارکیٹ میں کچھ ہفتے قبل چائنا کٹنگ شروع کی گئی، جو دکانداروں کے اصرار پر روک دی گئی تھی ،تاہم مذکورہ مارکیٹ میں دوبارہ سے یوسی چیئرمین کی موجودگی میں چائنا کٹنگ شروع کردی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ غیر قانونی تعمیرات میں کے ایم سی کے ملازم سلیم عرف لمبا اور ابرار ملوث ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں افراد مارکیٹ میں ہی رہائش پذیر ہیں، ان کے علاوہ بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین بھی چائنا کٹنگ میں مصروف ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ معاملے پر بہادر شاہ دکانداروں کی جانب سے میئر کراچی کو درخواست بھی لکھی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بہادر شاہ مارکیٹ یوسی 27کی حدود میں واقع ہے اور اس میں یوسی 28کا چیئرمین اپنی سرپرستی میں باتھ روم کی جگہ پر قبضہ کرکے غیر قانونی دکان بنا رہا ہے، قبضہ مافیا میں سلیم عرف لمبا اور ابرار عرف چریا ملوث ہیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ ایک سال قبل بھی بلڈنگ کا موٹرروم جو ایک دکان کیساتھ بنا ہوا ہے، اس پر بھی قبضہ کرکے غیر قانونی تعمیرات کی گئی، تاہم اب دوبارہ مارکیٹ کی ماحول اور رونق خراب کی جارہی ہے۔ درخواست میں میئروسیم اختر سے مطالبہ کیا گیا کہ قبضے میں ملوث افراد کو گرفتارکرکے کارروائی کی جائے۔ ’’امت ‘‘کو شاہ بہادر مارکیٹ کے دکاندار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کراچی آپریشن سے قبل بہادر شاہ مارکیٹ کے دکانداروں سے لاکھوں روپے بھتہ وصولی کرکے لندن قیادت کو بھیجا گیا ہے۔ دکاندار نے بتایا کہ مذکورہ مارکیٹ کے ایم سی کی زیرنگرانی چلتی ہے اور یہاں میئرکراچی کے احکامات کے بعد ہی قبضہ کیا جاتا ہے۔ اس ضمن میں چیئرمین یوسی 28ناصر خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بات کرنے سے انکار کردیا۔