اولڈ سٹی – غربی میں گیس بندش سے شہری پریشان
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ضلع غربی اور اولڈ سٹی ایریا میں اچانک گیس بندش سے گھریلوصارفین شدید مشکلات میں مبتلا ہوگئے، متعدد علاقوں میں رات گئے تک گیس بحال نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے لاکھوں گھروں کے چولہے بھی بند رہے۔تفصیلات کے مطابق ضلع جنوبی کے علاقے بہار کالونی،چاکیواڑہ،گل محمدلین، بغدادی، فوٹولین،سنگولین،نوالین اور بکرا پیڑی سمیت دیگر علاقوں میں علی الصبح ہی گیس بند کردی گئی۔اسی طرح پاکستان چوک،برنس روڈ اور چندریگرروڈ سے ملحقہ علاقوں میں بھی پہلے گیس پریشر میں کمی ہوئی اور بعدازاں ان علاقوں میں بھی گیس لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی۔ ضلع غربی میں بلدیہ ٹاؤن،اتحاد ٹاؤن،آفریدی چوک،جھنگوی چوک اور نیشل چوک سمیت دیگر علاقے بھی اذیت میں مبتلا رہے۔ اورنگی ٹاؤن میں مومن آباد،ہزارہ کالونی،فقیر کالونی،حنیف آباد،اورنگی سیکٹر 4 ،سیکٹر 10حسین آباد،فرید کالونی،محمد نگر،سیکٹر 11،زیڈ ایم سی ،نشان حیدر چوک،داؤد چوک،صابری چوک،خواجہ غریب نواز،فیض عام کالونی،قائم خانی کالونی،رحیم شاہ کالونی ،توحید محلہ ،طوری بنگش،سیکٹر ساڑھے11،ڈی بلاک،آئی بلاک،جی بلاک ،محمد خان کالونی، بلاک ایچ،غازی آباد،جرمن اسکول،منصور نگر،اجتماع گاہ،کرسچن کالونی،ایچ اسٹاپ،بابا ولایت شاہ کالونی،ریئس امروہی کالونی،یعقوب آباد،چشتی نگر،راجہ تنویر کالونی،سیکٹر15،بنگلا بازار،تھورانی گوٹھ اور موریا گوٹھ سمیت دیگر علاقوں میں بھی گیس کا پریشر انتہائی کم رہا ۔’’امت‘‘ کو لیاری کے علاقے بہار کالونی سے عبدالجبار کی شکایت موصول ہوئی ،جن کا کہنا تھا کہ علی الصبح ہی گیس کی لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی ہے،ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے پر سوئی سدرن گیس حکام تعمیراتی کام کا کہتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیاہوٹلوں سے مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔اس حوالے سے سوئی سدرن گیس حکام کا کہنا ہے کہ آئی سی آئی چورنگی پر واقع ڈسٹرکٹ میٹرنگ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کا کام کیا جارہا ہے۔اس سلسلے میں ڈی ایم سی کو آج دوپہر 3بجے سے 5گھنٹے تک کیلئےبند کیا جائے گا۔لیاری،کھارادر،ٹاور،مچھر کالونی، سعید آباد اور سے ملحقہ علاقوں میں گیس پریشر کم ہوگا،تاہم علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کئی گھنٹے گزرجانے کے باوجود مذکورہ علاقوں میں گیس بحال نہیں کی گئی ہے۔