سندھ میں بند کی گئی 7 ٹرینیں دوبارہ نہ چلانے کا فیصلہ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) پاکستان ریلوے نے میر پورخاص سندھ اور دیگر شہروں کے درمیان 2007 سے قبل بند کی گئی ٹرینیں دوبارہ نہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان ٹرینوں میں کراچی سے میر پور خاص چلنے والے شاہ لطیف ایکسپریس، کوٹری سے میر پور خاص جانے والے کوٹری ایکسپریس، حیدرآباد سے میر پور خاص کے درمیان چلنے والی 5ٹرینیں جن میں میر پور خاص ایکسپریس، چوٹیالی مکسڈ اور تین ایکسپریس ٹرینیں شامل ہیں۔پاکستان ریلوے اس وقت میر پور خاص سے کراچی سے میر پور خاص چلنے والی مہران ایکسپریس اور حیدرآباد سےمیر پورخاص ثمن سرکارایکسپریس ٹرینیں اس وقت بھی چل رہی ہیں۔پاکستان ریلوے کا موقف ہےکہ بند کی گئی ٹرینیں خسارے میں جا رہی تھیں اس لیے بند کی گئیں اور اس وقت مسافروں کی ضرورت کےمطابق صرف دو ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ میر پورخاص اور حیدر آباد کے درمیان چلنے والی پرانی ٹرینیں بحال نہ کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ میر پور خاص اور حیدرآباد کے درمیان نجی شعبے کی جانب سے بنائی گئی سڑک ہے، جس سے ایک نجی کمپنی روزانہ لاکھوں روپے ٹال ٹیکس کی مد میں وصول کرتی ہے۔