شدید لڑائی کے بعد طالبان غزنی کے دہانے پر پہنچ گئے-50کمانڈوز ہلاک

0

کابل(امت نیوز) شدید لڑائی کے بعد افغان طالبان غزنی کے دہانے پر پہنچ گئے۔ صوبے کے 2اضلاع جاغوری اور مالستان کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا۔جنگ کے دوران50افغان کمانڈوز ہلاک ہو گئے۔ علاقے سے ہزاروں افراد نقل مکانی کر گئے۔غزنی شہر کو بچانے کے لئے افغان آرمی چیف کو بھیج دیا گیا۔اقوام متحدہ کے مطابق جاغوری اور مالستان کو صوبائی دارالحکومت غزنی سے ملانے والی سڑکیں بند کردی گئی ہیں ،جبکہ امریکی بمباری سے60طالبان کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صوبہ ارزگان کے خاص ارزگان ضلع میں طالبان اورحکومتی فورسز کے درمیان جاری لڑائی صوبہ غزنی کےجاغوری اور مالستان اضلاع تک پھیل گئی۔ان دونوں اضلاع کو نسبتامحفوظ تصور کیا جاتا تھا ،لیکن گھمسان کی لڑائی کے بعد طالبان نے وہاں بڑے علاقے پر قبضہ کر لیا ہے۔افغان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ جاغوری اور مالستان میں مزید کمک روانہ کی جارہی ہے ،جبکہ غزنی شہر کو بچانے اور طالبان کے خلاف کارروائی کیلئے آرمی چیف جنرل شریف سمیت سینئر فوجی حکام کو غزنی بھیج دیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق جاغوری اور مالستان کو صوبائی دارالحکومت غزنی سے ملانے والی سڑکیں بند کردی گئی ہیں ،جہاں لوگ محصور ہو کر رہ گئے ہیں ،جب کہ خوراک اور ایندھن ختم اور بجلی اور موبائل فون سروس معطل ہے ،جس کے باعث صحیح صورتحال کا پتہ نہیں چل رہا۔ لڑائی کے باعث7 ہزار افراد نقل مکانی کر کے غزنی شہر اور بامیان جا چکے ہیں۔رپورٹس کے مطابق جاغوری میں طالبان نے مقامی پولیس کمانڈر کو ہلاک کر کے اسکا گھر نذر آتش کردیا۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ان کی لڑائی ہزارہ شیعہ برداری سے نہیں ،بلکہ حکومت کے حامی ہزارہ کمانڈر حکیم شجائی سے ہے اور اسے اس کے جرائم کی سزا دی جائے گی۔ حکام کے مطابق لڑائی میں50 افغان کمانڈوز مارے جا چکے ہیں ،جبکہ بڑی تعداد میں شہری اور طالبان بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔امریکی فضائیہ بھی طالبان کو نشانہ بنا رہی ہے۔ افغان نیوز ایجنسی پژواک نے دعویٰ کیا ہے کہ غزنی ارزگان ہائی وے پر امریکی فضائیہ نے طالبان کے قافلے پر حملہ کیا ،جس کے نتیجے میں 60 طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔صوبہ ارزگان میں ہونے والی جھڑپوں میں 10 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔ طالبان کے مطابق غزنی شہر کے نوآباد، قلعہ قاضی اور زیارت کے علاقوں میں 3 چوکیوں پر حملہ کیا گیا،جس کے نتیجے میں ایک چوکی پر قبضہ کر کے وہاں تعینات 14 افغان اہلکاروں کو ہلاک کردیا گیا۔ صوبہ تخار ضلع اشکمش کے چغت اور قغنی کے علاقوں میں واقع فوجی مراکز اور چوکیوں پر ہلکے وبھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا، چغت بالا،چغت پاین، قغنی اور کتہ قرون کے علاقے اور 6 چوکیوں پر قبضہ کرلیا گیا۔ صوبہ وردک کے پولیس چیف کے ترجمان حکمت درانی نے بتایا کہ ضلع سید آباد میں طالبان کے حملے میں 9 فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔صوبہ تخار کے گورنر کے ترجمان جواد ہجری کا کہنا تھا کہ طالبان نے پولیس کو نشانہ بنایا ،جس کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More