پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کا عالمی میرا تھن کرانیکا منصوبہ
لاہور(امت نیوز)پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن نے مارچ میں انٹر نیشنل میرا تھن کرانے کا عندیدہ دیدیا ،حکومت سے اجازت ملنے کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا ۔ فیڈریشن کے صدر محمد اکرم ساہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ قبل نیشنل چمپئن شپ کرائی گئی ہے اور اس سے قبل جونیئر اور یوتھ چمپئن شپ کے ایونٹس ہوئے ۔ ہماری کوشش ہے کہ اب صوبوں میں میراتھن کرائی جائے اور یہ بھی منصوبہ بندی کر رہے ہیں کہ یہ انٹر نیشنل ہو جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مارچ میں اس کا انعقاد کرایاجائے اور اس کے لئے حکومت سے بات کر کے تعاون مانگیں گے۔ اکرم ساہی نے کہا کہ میں ایشیاء کا ایگزیکٹو ممبر بھی ہوں اور مجھے امید ہے کہ میں جن ممالک کو دعوت دوں گا وہ میری دعو ت پر ضرور پاکستان آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے ابھی تک کھیلوں کے فروغ اور ترقی کیلئے اقدامات نظر نہیں آئے لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں اس کے لئے جامع پالیسی بنائی جائے گی۔