معارف القرآن

0

معارف ومسائل
تمام صحابہ کرامؓ کیلئے مغفرت و رحمت کی بشارت کا باقی امت سے امتیاز:
آیات مذکورہ میں اگرچہ صحابہ کرامؓ میں باہمی درجات کا تفاضل ذکر کیا گیا ہے، لیکن آخر میں فرمایا ’’باوجود باہمی فرق مراتب کے حق تعالیٰ نے حسنیٰ یعنی جنت و مغفرت کا وعدہ سب ہی کے لئے کرلیا ہے۔‘‘ یہ وعدہ صحابہ کرامؓ کے ان دونوں طبقوں کے لئے ہے، جنہوں نے فتح مکہ سے پہلے یا بعد میں خدا کی راہ میں خرچ کیا اور مخالفین اسلام کا مقابلہ کیا، اس میں تقریباً صحابہ کرامؓ کی پوری جماعت شامل ہو جاتی ہے، کیونکہ ایسے افراد تو شاذ و نادر ہی ہو سکتے ہیں، جنہوں نے مسلمان ہو جانے کے باوجود خدا کے لئے کچھ خرچ بھی نہ کیا ہو اور مخالفین اسلام کے مقابلہ و مقاتلہ میں بھی شریک نہ ہوئے ہوں، اس لئے قرآن کریم کا یہ اعلان مغفرت و رحمت پوری جماعت صحابہ کرامؓ کے لئے عام اور شامل ہے۔
ابن حزم نے فرمایا کہ اس کے ساتھ قرآن کی دوسری آیت سورئہ انبیاء کو ملاؤ جس میں فرمایا ہے: ’’جن لوگوں کے لئے ہم نے حسنیٰ کو مقرر کردیا ہے وہ جہنم سے ایسے دور رہیں گے کہ اس کی تکلیف دہ آوازیں بھی ان کے کانوں تک نہ پہنچیں گی اور اپنی دلخواہ نعمتوں میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔‘‘
آیات زیر بحث میں ’’سب سے حسنیٰ کا وعدہ‘‘ مذکور ہے اور اس آیت میں جن کے لئے حسنیٰ کا وعدہ ہوا، ان کے لئے جہنم کی آگ سے بہت دور رہنے کا اعلان ہے، اس کا حاصل یہ ہے کہ قرآن کریم نے اس کی ضمانت دیدی کہ حضرات صحابہ سابقین و آخرین میں سے کسی سے بھی اگر عمر بھر میں کوئی گناہ سرزد ہو بھی گیا تو وہ اس پر قائم نہ رہے گا توبہ کر لے گا یا پھر نبی کریمؐ کی صحبت و نصرت اور دین کی خدمات عظیمہ اور ان کی بے شمار حسنات کی وجہ سے حق تعالیٰ ان کو معاف فرما دے گا اور ان کی موت اس سے پہلے نہ ہوگی کہ ان کا گناہ معاف ہو کر وہ صاف و بے باق ہو جائیں، یا دنیا کے مصائب و آفات اور زیادہ سے زیادہ برزخ میں کوئی تکلیف ان کے سیئات کا کفارہ ہو جائے۔
اور جن احادیث میں بعض صحابہ کرامؓ پر مرنے کے بعد عذاب کا ذکر آیا ہے، وہ عذاب آخرت و عذاب جہنم کا نہیں، برزخی یعنی قبر کا عذاب ہے ، یہ کوئی بعید نہیں ہے کہ صحابہ کرامؓ میں سے اگر کسی سے کوئی گناہ سرزد ہو اور اتفاقاً توبہ کر کے اس سے پاک ہو جانے کا بھی موقع نہیں ہوا تو ان کو برزخی عذاب کے ذریعہ پاک کردیا جائے گا، تاکہ آخرت کا عذاب ان پر نہ رہے۔ (جاری ہے)

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More