مرغیوں کی مشکوک پرورش
سوال :آج کل مرغیوں کی جس دانہ سے پرورش ہوتی ہے، اس کے فورنسک (جس میں بہت زیادہ تحقیق کی جاتی ہے) ماہر جو مسلمان ہے، نے کہا ہے کہ وہ دانہ خنزیر کی چربی سے تیارہوتا ہے، جبھی یہ تقریباً چالیس دنوں میں اتنا صحت مند ہو جاتاہے۔ رہنمائی فرمائیں۔
جواب : مرغیوں میں چوں کہ دانہ کی وجہ سے گوشت میں تغیر نہیں ہوتا اور نہ ہی اس کا اثر باقی رہتا ہے، بلکہ وہ کالعدم ہو جاتا ہے، اس لیے اس کا کھانا حلال ہے۔ (درمختار مع الشامی: ۹/۲۹۴، کتاب الحظر و الاباحۃ، ط: زکریا دیوبند)
بالوںکی جڑوں سمیت پایہ کھانا
سوال : کیا جانوروں کا پایہ اس کے اوپر کی تہ کو جلانے کے بعد کھایا جاسکتا ہے؟ اگر ہم پایہ کے اوپر کا حصہ نہ ہٹائیں، بلکہ صرف بالوں کو جلادیں، جب کہ اس میں بالوں کی جڑیں رہ جاتی ہیں، اس لیے اس کا کھانا مکروہ ہے یا حرام ہے؟
جواب : بالوں کی جڑیں رہ جانے کی وجہ سے کھانا مکروہ یا حرام نہیں ہوا، فقہاء نے چمڑے کو گوشت کے مثل جائز قرار دیا ہے، جب کہ چمڑے میں بالوں کی جڑیں بھی رہتی ہیں۔
حلال گوشت اورغیر مسلم ڈرائیور
سوال: ہمارے کسی عزیز کا یہ کہنا ہے کہ اگر آپ حلال گوشت کسی دکان سے خریدتے ہیں، مگر اسے آپ کا ڈرائیور جو کہ غیر مسلم ہے، لے کر آتا ہے تو وہ گوشت آپ کے لیے حرام ہے۔ کیا یہ درست ہے؟
جواب :جب ہم نے حلال گوشت دکان سے خود خریدا تو ہمیں حلال ہونے کا یقین ہے، اب اگر اس کو ہمارا غیرمسلم ڈرائیور لے کر آتا ہے اور ہمیں اس کے متعلق کوئی بدگمانی بھی نہیں ہے تو اس گوشت کو حرام نہیں کہا جا سکتا۔
شکار کیلئے کیڑوں کو اذیت دینا
سوال: کیا زمین کھانے والے کیڑوں کے ذریعے مچھلی پکڑنا درست ہے؟ چونکہ میں ان کیڑوں کو ہک میں داخل کرتا ہوں، جس سے کیڑوں کو تکلیف ہوتی ہے؟
جواب:کیڑوں کو مارکر ہک میں لگانا چاہیے، زندہ لگانا تعذیب زائد از ضرورت ہے، لہٰذا اس سے بچنا چاہیے۔
چربی سے بنے کیپسول
سوال: ہم دوائی کے طور پر جتنے بھی کیپسول لیتے ہیں، وہ جیلٹین (Gelatin) سے بنتے ہیں اور یہ عموماً جانور کی چربی سے حاصل کی جاتی ہے، پودوں سے کیپسول بہت کم بنائے جاتے ہیں، لیکن ہمیں یہ معلوم نہیں ہوتا کہ یہ جانور کے مواد سے بنا ہے یا پودے سے۔ کیا ایسی صورت میں تمام قسم کے کیپسول لینا جائز ہے؟
جواب : صورت مسئولہ میں جب تک ان کیپسولوں میں حرام اجزاء کے شامل ہونے کا قطعی طور پر یقین نہ ہو جائے، اس وقت تک حلت و حرمت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا، جب ان کیپسولوں کا استعمال عام ہے اور ہرطرح کے لوگ ان کو استعمال کررہے ہیں تو محض شبہ کی وجہ سے ان کے استعمال سے بچنے کا حکم نہیں لگایا جاسکتا، بلکہ ان کا استعمال کرنا جائز ہوگا۔
٭٭٭٭٭
Prev Post
Next Post