جب سواری کسی منزل پر ٹھہرنے لگے
جب سواری کسی ایسی جگہ ٹھہرنے لگے، جہاں انسان کو اترنا ہے خواہ تھوڑی دیر کیلئے اترنا ہو، یا زیادہ دیر کیلئے۔ اس وقت یہ دعا کی جائے:
رَبِّ اَنْزِلِْنیْ مُنْزَلًا مَّبٰرَکًا وَّاَنْتَ خَیْرُ الْمُنْزِلِیْنَ
ترجمہ: اے میرے پروردگار ! مجھے برکت والی جگہ پر اتاریئے اور آپ سب سے بہتر اتارنے والے ہیں۔
قرآن کریم میں ہے کہ یہ دعا حضرت نوح علیہ السلام نے اس وقت مانگی تھی جب ان کی کشتی خشکی پر لگنے والی تھی۔ آج کل خاص طور سے ہوائی جہاز کے نیچے اترتے وقت بھی یہ دعا پڑھنی چاہئے۔
ہر مجلس کے آخر میں
جب کسی مجلس میں دیر تک باتیں کی گئی ہوں تو آخر میں یہ کلمات کہہ لینے چاہئیں۔ ان شاء اللہ مجلس میں باتوں کے دوران کوئی اونچ نیچ ہوگئی ہوگی تو معاف ہوجائے گی:۔
سُبْحَانَکَ اللّٰھُمَّ وَ بِحَمْدِکَ لَآ اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ اَسْتَغْفِرُکَ وَاَتُوْبُ اِلَیْکَ (ابن السنّی ص 120 )
ترجمہ: یا اللہ ! میں آپ کی پاکی بیان کرتا ہوں اور آپ کی حمد کرتا ہوں ، آپ کے سوا کوئی معبود نہیں ، میں آپ سے مغفرت مانگتا ہوں اور آپ کے حضور توبہ کرتا ہوں۔
٭٭٭٭٭