شفا والی تین چیزیں

0

حضرت ابن عباسؓ حضور اکرمؐ سے روایت کرتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا کہ شفا تیں چیزوں میں پوشیدہ ہے:
1۔ حجامہ کے ذریعے ضرب لگوانے میں۔ 2۔ شہد کے استعمال میں۔ 3۔ آگ سے داغنے میں۔ تاہم میں اپنی امت کو آگ سے داغنے سے روکتا ہوں۔
( رواہ البخاری، الطب رقم: 5781)
حضرت جابرؓ حضور اقدسؐ سے روایت کرتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا کہ اگر تمہاری دواؤں میں سے کسی دوا میں شفا موجود ہے، تو حجامہ کے ذریعے ضرب لگانے میں ہے، یا شہد کے استعمال میں، یا پھر آگ سے داغنے میں (بشرطیکہ) یہ داغنا اس مرض کو راست آجائے، لیکن میں آگ سے داغنے کو پسند نہیں کرتا۔ (رواہ البخاری، الطب5783)
آپؐ نے فرمایا: سب سے بہترین دوا جس سے تم علاج کرو، وہ حجامہ لگوانا اور قسط البحری (سمندری جڑی بوٹی) سے علاج کرنا۔ (رواہ البخاری ، الطب5797)
حضرت جابرؓ نے حضرت مقنعؓ کی عیادت کی اور فرمایا کہ جب تم حجامہ نہ لگوالو، میں واپس نہیں جاؤں گا۔ اس لئے کہ میں نے نبی کریمؐ سے سنا ہے کہ حجامہ لگوانے میں شفا ہے۔ (رواہ البخاری۔ الطب 5898)
حضرت سمرۃ بن جندبؓ فرماتے ہیں کہ حضور اکرمؐ کے پاس بنی فزارۃ قبیلہ کا ایک دیہاتی آیا۔ اس وقت آپؐ کو ایک حجام حجامہ کر رہا تھا، پس حجام نے بلیڈ سے ضرب لگایا تو دیہاتی نے کہا (تعجب سے) پوچھا: اے خدا کے رسول! یہ آپ کیا کر رہے ہیں؟ تو آپؐ نے ارشاد فرمایا: یہ حجامہ ہے۔ یہ ان سب علاجوں سے بہتر ہے ، جو لوگ اختیار کرتے ہیں۔ (رواہ النسائی وأحمد 20094 وقال محققہ: اسنادہ صحیح)
حضرت مالک بن صعصۃؓ فرماتے ہیں کہ نبی کریم ؐنے فرمایا کہ معراج کی رات میرا فرشتوں کی جس جماعت پر بھی گزر ہوا، انہوں نے مجھے حجامہ سے علاج کرانے کو کہا۔
( رواہ الطبرانی فی الأ وسط والکبیر و قال الہیثمی : رجالہ رجال الصحیح)
اور اسی مفہوم کی ایک حدیث امام ترمذیؒ نے اپنی کتاب میں حضرت ابن مسعودؓ سے نقل کی ہے جس کے الفاظ یہ ہیں۔
(حضرت ابن مسعودؓ نے فرمایا کہ رسول اقدسؐ نے معراج کا واقعہ ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ (اس رات) فرشتوں کی جس جماعت پر بھی گزر ہوا، انہوں نے آپؐ کو کہا کہ آپ اپنی امت کو حجامہ سے علاج کا حکم فرمائیں۔
(رواہ الترمذی، وقال: حدیث حسن غریب: 2052)

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More