سپریم کورٹ۔ایون فیلڈریفرنس میں سزا معطلی کیخلاف نیب اپیل سماعت کیلئے مقرر

0

اسلام آباد(رپورٹ: اخترصدیقی)سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنی ریٹائرمنٹ سے صرف چار روزقبل سابق وزیراعظم میاں نوازشریف ،مریم نوازاور کیپٹن (ر)محمدصفدرکواسلام آبادہائی کورٹ سے ایون فیلڈکیس میں رہائی کے خلاف دائر قومی احتساب بیورو(نیب)کی اپیل سماعت کے لیے مقررکردی ۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیدیا ہے جو کہ 14جنوری کو سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ ، جسٹس مشیر عالم ، جسٹس مظہر ، جسٹس گلزار شامل ہیں۔ نیب کی جانب سے نوازشریف کی سزا معطلی کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی جسے سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ احتساب عدالت نے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں قید اور جرمانےکی سزائیں سنائی تھیں جس کےتینوں افرادکواڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔ذرائع نے ’’امت‘‘ کوبتایاکہ قومی احتساب بیورو(نیب)کے اعلیٰ حکام کوجب تاریخ سماعت بارے معلوم ہواہے وہ بہت زیادہ حیران ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ نیب کاخیال تھاکہ اب یہ کیس جسٹس آصف سعیدخان کھوسہ کے چیف جسٹس کے حلف لینے کے بعدہی اس کی تاریخ سماعت سامنے آنے کاامکان ہے مگرموجودہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنی ریٹائرمنٹ کی تاریخ (17جنوری )سے چندروزقبل ہی سماعت کے لیے مقررکی ہے اور اس حوالے سے فریقین کواطلاعاتی نوٹسزبھی جاری کردیے گئے ہیں ۔اپیل کی پہلی سماعتوں میں توسپریم کورٹ نے عدالت عالیہ کی جانب سے فیصلہ معطل کرنے پر کافی اعتراض کیاتھااور چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس بھی دیے تھے۔ اس کے بعدیہ کیس 10جنوری کے لیے ملتوی کیاگیاتھامگراب اس کی سماعت کی تاریخ14جنوری مقرر کردی گئی ہے ۔ میاں نوازشریف کی جانب سے خواجہ حارث ایدووکیٹ پیش ہوں گے ۔ذرائع کاکہناہے کہ میاں نوازشریف کے وکلاء مقدمے کوملتوی کرنے کی درخواست کریں گے ۔میاں نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث ایڈووکیٹ نے’’امت‘‘ سے گفتگومیں کہاہے کہ وہ قانون کے مطابق سپریم کورٹ میں اپنے موکل کے حوالے سے ہائی کورٹ فیصلے کادفاع کریں گے ۔ہائی کورٹ نے درست فیصلہ دیاہے اس لیے عدالت سے بھی درخواست کریں گے کہ نیب اپیل کوخارج کیاجائے۔دوسری جانب سینئر قانون دان وقا رایڈووکیٹ نےکہاکہ سپریم کورٹ نے چونکہ یہ کیس10جنوری تک کے لیے ملتوی کیاتھااس لیے اس کوسماعت کے لیے روٹین کے مطابق سماعت کے لیے مقررکیاگیاہے ممکن ہے کہ چیف جسٹس پاکستان اس کیس کے حوالے سے کوئی حکم جاری کرناچاہتے ہوں۔

اسلام آباد(نمائندہ امت)مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل کی جلد سماعت کی درخواست منظور کرلی گئی۔جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے نواز شریف کی متفرق درخواست کی سماعت کی جس میں العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل جلد مقرر کرنے کی استدعا کی گئی۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی کہ 10دن کے اندر اپیل سماعت کے لئے مقرر کی جائے، اپیل کے ساتھ ساتھ نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست کو بھی مقرر کیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More