کورنگی میں پولیس فائرنگ کی زد میں آکر جوڑا شدید زخمی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورنگی میں پولیس گردی کا واقعہ سامنے آگیا ۔ پولیس اور ملزمان کی مبینہ فائرنگ کی زد میں آکر جوڑا شدید زخمی ہوگیا ۔ حاملہ خاتون کی حالت نازک ہے۔ دونوں زخمی ریٹائرڈ پولیس افسرکی بیٹی اور داماد ہیں ۔ غفلت سامنے آنے پر دونوں اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی نمبر 5 چوڑی گلی ماڈل پارک کے قریب پولیس اور ملزمان میں مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی زخمی ہو گئے ، جنہیں جناح اسپتال پہنچایا گیا ، جہاں ان کی شناخت عدنان اور ثاقبہ زوجہ عدنان کےطور پر ہوئی ، جو کہ ریٹائرڈ پولیس افسرزری خان کی بیٹی اور داماد ہیں ۔ عدنان کو ایک گولی سینے اور دوسری سر میں جبکہ ثاقبہ کو کندھے اور پسلیوں میں گولیاں لگیں ۔ انچارج شعبہ حادثات ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق زخمی ثاقبہ حاملہ ہے ۔ اس کی حالت تشویشناک ہے، ایس ایس پی کورنگی علی رضا نے بتایا کہ کہ موٹر سائیکل سوار اہلکار ملزمان کا تعاقب کررہے تھے کہ ملزمان نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ کی زد میں آکر خاتون اور مرد زخمی ہوگئے، تاہم جائے وقوعہ سے ایک خالی خول قبضے میں لیا گیا ہے ۔ ایس ایچ او شاہد کا کہنا تھا کہ ابھی کوئی بات سامنے نہیں آئی تفتیش کررہے ہیں ۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان پولیس اہلکاروں کی سرکاری ایس ایم جی چھین کر فرار ہوئے تھے ،جس پر دوسرے اہلکار نے فائرنگ کردی ، تاہم فائرنگ تبادلےمیں ملزمان سرکاری اسلحہ پھینک کر فرار ہوگئے ، تاہم غفلت پر دونوں اہلکاروں کو حراست میں لے کر بیان ریکارڈ کرلئے ہیں۔ د ریں اثنا آئی جی سندھ نے میڈیا رپورٹس پر ایس ایس پی کورنگی سے تفصیلی رپورٹ سمیت طلب کرلی ہے۔