18ویں ترمیم کو چھیڑا گیا تو سڑکوں پر ہوں گے-اسفندیار
پشاور(نمائندہ امت) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ ملک میں صوبوں کے اختیارات چھین کر لائے جانے والے صدارتی نظام کی بازگشت کا شدید ردعمل سامنے آئے گا ۔ اٹھارویں ترمیم کے محافظ ہیں اور کسی بھی ایک شق کو چھیڑا گیا تو اے این پی سڑکوں پر ہوگی۔ پچاس لاکھ گھروں کا اعلان کرنے والے وزیرستان میں تباہ حال ہزاروں گھروں کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔ ساہیوال میں پولیس گردی کی بدترین مثال قائم کی گئی ہے۔ راوٴ انوار کو سر عام پھانسی دی گئی ہوتی تو ساہیوال کے شہید خاندان کی زندگیاں بچ سکتی تھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز میں ہفتہ باچا خان اور ولی خان کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پاکستان میں افغانستان کے کلچرل اتاشی حضرت ولی ہوتک نے بھی تقریب میں شرکت کی اسفندیار ولی خان نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ملک چلانے والے جس سمت میں جارہے ہیں اس کے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے ۔غلط اور ناکام پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان عالمی سطح پر تنہا ہو گیا ہے۔ تاریخ سے سبق سیکھا جائے اور روس کا حشر سامنے رکھتے ہوئے ملک کی پالیسیاں تشکیل دی جائیں ۔ اسفندیار ولی خان نے مزید کہا کہ اٹھارویں ترمیم کی مالی شق ختم کرنے کی سازش حکمرانوں کو بھاری پڑے گی ایسا کوئی بھی اقدام ہوا تو اے این پی سب سے پہلے سڑکوں پر ہوگی جس کی قیادت میں خود کروں گا۔ قبائلی اضلاع کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف سی آر کا کالا قانون ختم کرنے کے باوجود وہاں نیا نظام تاحال رائج نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے قبائلی عوام تذبذب کا شکار ہیں ۔