ورثاکو دھمکیاں دیکر ذیشان کی تدفین کرائی گئی-پرویز اشرف
اسلام آباد (امت نیوز) سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہاہے کہ سانحہ ساہیوال میں مارے گئے ڈرائیورذیشان کے لواحقین کو دھمکیاں دے کر تدفین کرائی گئی ،کوئی معاملہ سرد خانے میں ڈالنا ہو تو جے آئی ٹی بنادی جاتی ہے ،گئی گزری حکومت بھی ہوتی تو حقیقت سامنے آچکی ہوتی۔قومی اسمبلی میں جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ جس ادارے نے دہشتگردی سے بچانا ہے اس نے بے گناہوں کو گولیوں سے بھون ڈالا، ہر آدمی خود کو غیر محفوظ سمجھ رہاہے، وزراکے ساہیوال واقعے پر بیانات حد درجہ قابل اعتراض تھے۔ کل کسی کو بھی بچوں کے ساتھ سفر کے دوران گولی مار کر کہاجائے گا کہ وہ دہشتگردتھے ۔ سانحہ ساہیوال پاکستانیوں کو ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کو رلا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیا کسی کے والدین کو مار کر انہیں پھول پیش کیے جاتے ہیں ؟ کتنے دکھ کی بات ہے کہ وزیراعلیٰ بچوں کے پاس پھول لے کر جائیں اور تصویر بنوائیں،کیا ریاست مدینہ میں ایسا ہوتاہے ؟۔ کوئی اور لفظ استعمال کریں لیکن ریاست مدینہ کا لفظ استعمال نہ کریں ۔