حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اکرمؐ نے فرمایا: ہر مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے، اس پر کوئی ظلم و زیادتی نہ کرے (اور جب وہ اس کی اعانت کا محتاج ہو تو اس کی مدد کرے) اور اس کو بے مدد کے نہ چھوڑے اور اس جو کو حقیر نہ جانے اور نہ اس کے ساتھ حقارت کا برتاؤ کرے (کیا خبر ہے کہ اس کے دل میں تقویٰ ہو، جس کی وجہ سے وہ خدا کے نزدیک مقرب و مکرم ہو)۔
پھر آپؐ نے تین مرتبہ اپنے سینے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ تقویٰ یہاں ہوتا ہے (ہو سکتا ہے کہ تم کسی کو ظاہری حال سے معمولی آدمی سمجھتے ہو اور اپنے دل کے تقویٰ کی وجہ سے وہ خدا کے نزدیک محترم ہو، اس لیے کسی مسلمان کو حقیر نہ سمجھو) اور آدمی کے برا ہونے کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ اپنے مسلمان بھائی کو حقیر سمجھے اور اس کے ساتھ حقارت سے پیش آئے، مسلمان کی ہر چیز دوسرے مسلمان کے لیے قابل احترام ہے، اس کا خون، اس کا مال اور اس کی آبرو (اس لیے ناحق اس کا خون گرانا، اس کا مال لینا اور اس کی آبرو ریزی کرنا) یہ سب حرام ہے۔ (صحیح مسلم)
پانچ عیوب
حضرت شفیق بلخیؒ سے ایک شخص نے عرض کی کہ حضرت! میں آپ کو کچھ ہدیہ کرنا چاہتا ہوں، تاکہ آپ اس سے اپنی ضروریات خرید سکیں۔ آپؒ نے فرمایا: اگر تم میں پانچ عیوب نہ ہوتے تو میں آپ کا ہدیہ قبول کرلیتا۔ ایک یہ کہ ایسا کرنے سے تمہارا مال کم ہو جائے گا، دوسرے اس بات کا امکان ہے کہ چور میرے پاس سے تمہارا ہدیہ چوری کرلیں گے، تیسرے یہ کہ ہو سکتا ہے کہ تم پشیمان ہو جائو، چوتھے اس بات کا امکان ہے کہ شاید تم مجھ میں کوئی عیب دیکھو تو کہو کہ میرا مال واپس دے دو، پانچویں یہ کہ کیا عجب ہے جب تمہاری موت آجائے اور میں بے سرو سامان ہو جائوں، لیکن میرا ایک خدا ہے جو ان تمام عیوب سے پاک ہے، اس لئے میں اپنے رب سے مانگتا رہتا ہوں۔ (مخزن اخلاق)
الفاظ کا اثر
ایک بچے کو بیماری لاحق ہوئی، والدین نے امام مسجد کو بلوایا اور ڈاکٹر کو بھی، پہلے امام صاحب آئے اور بیمار بچے کے سر پر ہاتھ رکھ کر سورۃ فاتحہ پڑھنے لگے، اتنے میں ڈاکٹر بھی آگئے، انہوں نے نفرت سے امام صاحب کو دیکھا اور کہا کہ الفاظ سے کچھ نہیں ہوتا، دوا ہی بیماری کو ٹھیک کرتی ہے، امام صاحب نے ڈاکٹر کو دیکھا اور کہا آپ جاہل ہیں، ڈاکٹر صاحب یہ سن کر غصے میں آگئے اور ان کے ہونٹ کپکپانے لگے، امام صاحب نے فرمایا: آپ نے الفاظ کا اثر دیکھ لیا، میں نے بھی تو آپ کو دو لفظ کہے تھے، جن کی وجہ سے آپ غصہ ہوگئے، آپ کے ہونٹ کپکپانے لگے، کیا کوئی دوائی یہ کام کر سکے گی۔ (مخزن اخلاق)
٭٭٭٭٭
Prev Post
Next Post