مجرب عمل برائے عافیت:
ایک صحابیؓ نے دربار نبویؐ میں عرض کیا: حضور! مجھے اپنی جان اور اپنی اولاد اور اپنے اہل و عیال اور مال کے بارے میں نقصان کا خوف رہتا ہے۔ آپؐ نے ارشاد فرمایا صبح و شام یہ پڑھ لیا کرو۔
بسم اللہ علی دینی و نفسی و ولدی و اھلی و مالی
ترجمہ: اللہ کے نام سے میں اللہ تعالیٰ کے سپرد کرتا ہوں اپنا دین اور اپنی جان اور اپنی اولاد، اپنے اہل اور اپنے مال کو۔
چند دن کے بعد یہ شخص آئے تو آپؐ نے دریافت فرمایا: اب کیا حال ہے؟ عرض کیا قسم ہے اس ذات کی جس نے حق کے ساتھ آپ کو مبعوث فرمایا، میرا سب خوف غائب ہوگیا۔
(کنز العمال جلد 2 ص 236) (کشکول معرفت ص 75 حضرت مولانا حکیم محمد اختر صاحب)
فائدہ جس شخص کو انجانا خوف رہتا ہو اور دل خوف سے قرار نہ پکڑتا ہو تو اس پیارے و محبوب مسنون عمل کو اپنا حرز جان بنالے اور اٹھتے بیٹھے وقت پڑھتا رہے، ان شاء اللہ تمام غم اور خوف ختم ہو جائیں گے۔
بیوی کے ناراضگی دور ہوگی
جب حضرت عائشہؓ غصہ ہو جاتیں تو آپؐ ان کی ناک پکڑ لیتے اور فرماتے: اے عویش! یہ دعا کرو۔
اللھم رب النبی محمد اغفر ذنبی و اذھب غیظ قلبی و اجرنی من مضلات الفتن (ابن کثیر صفحہ 336 جلد نمبر 2)
ترجمہ ’’اے اللہ! اے محمدؐ کے پروردگار! میرے گناہ معاف کر دے اور میرے دل کا غصہ دور کر اور مجھے گمراہ کن فتنون سے بچالے۔
نوٹ: علماء نے لکھا ہے کہ اگر کسی کی بیوی ناراض ہوتی رہتی ہو تو اس کی ناک پکڑ کر مذکورہ دعا سکھا دیا کریں یا پڑھا دیا کریں، امید ہے کہ باہمی محبت ہوگی۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭
Prev Post
Next Post