معارف القرآن

0

معارف و مسائل
رئیس المنافقین عبد اللہ بن اُبی کے بیٹے جو مخلص مومن تھے، کے سامنے ان کے باپ نے حضور اقدسؐ کی شان میں گستاخانہ کلمہ بولا تو انہوں نے آنحضرتؐسے اجازت طلب کی کہ میں اپنے باپ کو قتل کردوں؟ آپؐ نے منع فرما دیا۔ حضرت ابوبکرؓ کے سامنے ان کے باپ ابوقحافہ نے حضورؐ کی شان میں کچھ کلمہ گستاخانہ کہہ دیا تو ارحم امت صدیق اکبرؓ کو اتنا غصہ آیا کہ زور سے طمانچہ رسید کیا، جس سے ابوقحافہ گر پڑے۔ آپؐ کو اس کی اطلاع ہوئی تو فرمایا کہ آئندہ ایسا نہ کرنا۔ حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ کے والد جراح غزوئہ احد میں کفار کے ساتھ مسلمانوں کے مقابلے کے لئے آئے تو میدان جہاد میں وہ بار بار حضرت ابوعبیدہؓ کے سامنے آتے، وہ ان کے درپے تھے، یہ سامنے سے ٹل جائے، جب انہوں نے مسلسل یہ صورت اختیار کی تو ابوعبیدہؓ نے انہیں قتل کردیا۔ یہ اور ان    کے امثال بہت سے واقعات صحابہ کرامؓ کے پیش آئے۔ ان پر آیات مذکورہ نازل ہوئیں۔ (قرطبی)
مسئلہ:
بہت سے حضرات فقہاء نے یہی حکم فساق و فجار اور دین سے عملاً منحرف مسلمان کا قرار دیا ہے کہ ان کے ساتھ دلی دوستی کسی مسلمان کی نہیں ہوسکتی، کام کاج کی ضرورتوں میں اشتراک یا مصاحبت بقدر ضرورت الگ چیز ہے، دل میں دوستی کسی فاسق و فاجر کی اسی وقت ہوگی، جبکہ فسق و فجور کے جراثیم خود اس کے اندر موجود ہوں گے، اسی لئے رسول اکرمؐ اپنی دعائوں میں فرمایا کرتے تھے:
’’اللھم لا تجعل لفاجر علی یدا‘‘
یعنی یا اللہ مجھ پر کسی فاجر آدمی کا احسان نہ آنے دیجئے، کیونکہ شریف النفس انسان اپنے محسن کی محبت پر طبعاً مجبور ہوتا ہے، اس لئے فساق و فجار کا احسان قبول کرنا جو ذریعہ ان کی محبت کا بنے، آنحضرتؐ نے اس سے بھی پناہ مانگی ہے۔ (قرطبی)
وایدھم بروح… یہاں روح کی تفسیر بعض حضرات نے نور سے کی ہے، جو منجانب الٰہی مومن کو ملتا ہے، اور وہی اس کے عمل صالح کا اور قلب کے سکون و اطمینان کا ذریعہ ہوتا ہے اور یہ سکون و اطمینان ہی بڑی قوت ہے اور بعض حضرات نے روح کی تفسیر قرآن اور دلائل قرآن سے کی ہے۔ وہی مومن کی اصل طاقت و قوت ہے۔ (قرطبی) (جاری ہے)
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More