تھائی شہری نے داماد بنانے کے لئے پرکشش آفر کردی

0

امت رپورٹ
تھائی لینڈ کے ایک ارب پتی بزنس مین نے اپنی بیٹی سے شادی کرنے والے کو3 لاکھ 15 ہزار ڈالر نقد کے ساتھ اپنی وسیع و عریض جائیداد سے بھی بڑا حصہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ پر اس پرکشش تشہیر کے بعد دنیا بھر کے کنوارے نوجوان قسمت آزمانے کے لئے 58 سالہ ایرنن روڈٹھونگ (Arnon Rodthong) سے اس کی بیٹی کا ہاتھ مانگنے کے لئے رابطہ کر رہے ہیں۔ تاہم اس ارب پتی شخص کی جانب سے ابھی تک کسی خوش قسمت کو مثبت جواب نہیں ملا۔ معروف عرب جریدے الشرق الاوسط نے برطانوی اخبار ڈیلی میل آن لائن کے حوالے سے لکھا ہے کہ تھائی ملٹی ملینر بزنس مین ایرنن روڈٹھونگ نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں اپنی بیٹی کے رشتے کا اشتہار دیا ہے۔ اس اشتہار میں اس نے لکھا ہے کہ اسے اپنی 26 سالہ بیٹی کیرنسیٹا روڈٹھونگ (Rodthong Karnsita) کے لئے مناسب کنوارے شخص کا رشتہ درکار ہے۔ اس شخص کا تعلق کسی بھی ملک سے ہو سکتا ہے۔ تھائی شہری ہونا ضروری نہیں۔ اس نے لکھا ہے کہ جو شخص بھی اس کی بیٹی سے شادی کرے گا، وہ اسے دس ملین تھائی باٹ (تین لاکھ پندرہ ہزار امریکی ڈالر) دے گا۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں تقریباً 4 ارب 40 کروڑ روپے بنتی ہے۔ علاوہ ازیں اس نے ہونے والے داماد کو اپنے وسیع و عریض فارم میں سے بھی ایک بڑا حصہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ روڈ ٹھونگ نے اشتہار میں یہاں تک لکھ دیا کہ ’’میری بیٹی کنواری ہے اور تھائی کے ساتھ انگریزی اور چینی زبانیں روانی کے ساتھ بول سکتی ہے۔ وہ ہمارے فیملی بزنس میں میرا ہاتھ بھی بٹاتی ہے۔ داماد کے لیے میری طرف سے کوئی شرط نہیں ہے۔ وہ کسی بھی ملک کا ہو، بس محنتی ہونا چاہئے، جو ہمارے بزنس کی دیکھ بھال کرے۔ مجھے کوئی بیچلرز یا ماسٹرز ڈگری والا یا فلسفی قسم کا داماد نہیں چاہئے۔ لڑکا ایسا ہونا چاہئے، جو میری بیٹی کو خوش رکھے۔ تاہم لڑکے کے لئے ایک شرط ہے کہ وہ کوتاہ قد نہ ہو‘‘۔ واضح رہے کہ ایرنن روڈٹھونگ تھائی لینڈ کے سب سے بڑے زرعی فارم کا مالک ہے۔ اس کے باغ سے یومیہ پچاس ٹن صرف پھل مارکیٹ جاتا ہے۔ اناج وغیرہ اس کے علاوہ ہے۔ جبکہ تھائی لینڈ کے ہر شہر اور اہم مقام پر اس کی پراپرٹی موجود ہے۔ ایرنن روڈٹھونگ کی اپنی بیٹی کے رشتے کیلئے یہ آفر اس لئے بھی حیران کن ہے کہ تھائی لینڈ کی روایات کے مطابق وہاں شادی کے موقع پر دولہا کو سارے اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں۔ جبکہ جہیز کا سامان بھی وہ اپنی جیب سے بنواتا ہے۔ مگر ایرنن روڈٹھونگ نے اس روایت کے برعکس ہونے والے داماد کو منہ مانگی رقم دینے کا اعلان کرکے سب کو حیران کر دیا ہے۔ جب ایرنن روڈٹھونگ کی بیٹی کیرنسیٹا روڈٹھونگ کو اپنے والد کی جانب سے دیئے گئے اس اشتہار کے بارے میں پتہ چلا تو وہ بہت خوش ہوئی۔ اس کا کہنا تھا کہ ’’اس اشتہار نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔ اس سے مجھے اندازہ ہوا کہ میرے والد مجھ سے کتنی محبت کرتے ہیں‘‘۔ تاہم رقم کے اعلان کے متعلق کرنسیٹا کا کہنا تھا کہ ’’میرے شوہر کو میرے باپ سے یہ رقم لینے میں مشکل درپیش آ سکتی ہے۔ کیونکہ یہ رقم میں خود لینا چاہتی ہوں اور اس سے میں کوریا جا کر اپنی پلاسٹک سرجری کروانا چاہتی ہوں‘‘۔ اپنے ممکنہ شوہر کے بارے میں کرنسیٹا کا بھی کہنا تھا کہ ’’مجھے ایسا شوہر چاہئے، جو محنتی اور اچھا انسان ہو اور اپنے خاندان سے بہت محبت کرتا ہو‘‘۔ رپورٹ کے مطابق کیرنسیٹا اپنے باپ کی اکلوتی اولاد نہیں ہے۔ ایرنن روڈٹھونگ کے اور بھی بچے ہیں۔ تاہم ایرنن روڈٹھونگ کا کہنا ہے کہ لاڈلی بیٹی کیرنسیٹا کی شادی کے بعد وہ اپنے حصے کی ساری جائیداد اپنے ہونے والے داماد کو دیدے گا۔ ایرنن روڈٹھونگ نے بیٹی کے رشتے کا یہ اشتہار فیس بک پر دیتے ہوئے ساتھ اپنی ایک تصویر بھی لگائی ہے۔ جس میں اس کے سامنے کرنسی نوٹوں کا ڈھیر لگا ہوا ہے۔ ایرنن روڈٹھونگ کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی بیٹی سے کنفرم کرنے کے بعد یہ اشتہار دیا ہے کہ اس کا کوئی بوائے فرینڈ نہیں ہے۔ اس اشتہار کو سوشل میڈیا میں بہت زیادہ پذیرائی ملی ہے۔ بعض صارفین نے اگرچہ اس پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ تاہم ابھی تک دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کنوارے ایرنن روڈٹھونگ سے رابطہ کرچکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More