گمنام مجاہد کا اخلاص بھرا عمل

0

خلیفہ عبد الملک کے بیٹے شہزادہ مسلمہ بن عبد الملک نے جہاد کے دوران دشمنوں کے ایک قلعے کا محاصرہ کیا۔ مسلمانوں کو قلعے کی دیوار میں ایک جگہ اتنا بڑا سوراخ نظر آیا، جس سے ایک شخص داخل ہو سکتا تھا۔ لوگوں نے اس سوراخ کی طرف دیکھا، ایک دوسرے کو توجہ دلائی۔ انہیں اندر کے حالات کی کوئی خبر نہیں تھی۔ اس سوراخ کے پاس کتنے لوگ موجود ہیں۔ آیا اس شخص کو سوراخ سے نکلنے اور لڑنے کا موقع بھی مل پائے گا یا نہیں۔ یہ سیدھی سیدھی موت کو گلے لگانے والی بات تھی۔
لوگ ایک دوسرے کے منہ کی طرف دیکھ رہے تھے کہ سب سے پہلے کون اس کے ذریعے قلعے کے اندر جائے۔ اسلامی لشکر میں سے ایک غیر معروف شخص سامنے آیا اور کہا: میں جاتا ہوں۔ یہ کہہ کر وہ اس سوراخ کے ذریعے قلعے کے اندر چلا گیا اور صورتحال کو سنبھال لیا اور اس کے بعد اور بھی بہت سے لوگ اس کے ذریعے قلعے میں داخل ہوئے اور مسلمانوں نے اس قلعہ کو فتح کر لیا۔ فتح کے بعد مسلمہ بن عبد الملک نے اعلان کیا کہ ’’صاحب نقب‘‘ یعنی سوراخ کے ذریعے سب سے پہلے اندر جانے والا شخص میرے پاس آئے، لیکن کوئی نہ آیا۔ اس نے دوبارہ سہ بارہ یہ اعلان کروایا۔
پھر اعلان کرنے والے کے پاس ایک شخص آیا اور کہا: سپہ سالار سے میرے لیے ملاقات کی اجازت حاصل کرو۔ اعلان کرنے والے نے پوچھا: کیا آپ ’’صاحب نقب ‘‘ ہیں۔ اس نے جواب دیا: میں اس کے بارے میں جانتا ہوں۔ اعلان کرنے والے نے مسلمہ کو بتایا۔ مسلمہ نے فوراً اجازت دیدی۔ اس شخص نے مسلمہ سے کہا: ’’صاحب نقب‘‘ کی اپنے بارے میں کچھ بتانے کے لئے تین شرطیں ہیں۔ مسلمہ نے کہا: اس نے ایسا عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ ہم اس کی ہر شرط ماننے کے لیے تیار ہیں۔ اس نے کہا: پہلی شرط یہ ہے کہ خلیفہ کو اس کا نام لکھ کر نہ بھیجا جائے۔ دوسری شرط یہ ہے کہ اسے کسی انعام کی پیشکش نہ کی جائے۔ تیسری شرط یہ ہے کہ اس سے اس کا نام نہ پوچھا جائے اور نہ یہ پوچھا جائے کہ اس کا تعلق کس قبیلے سے ہے۔ مسلمہ نے کہا: مجھے منظور ہے۔ اس شخص نے جواب دیا: میں ہی وہ شخص ہوں۔ مسلمہ اس واقعہ کے بعد جب بھی نماز پڑھتے تو یہ دعا ضرور کرتے:
اللّٰھُمَّ اجْعَلْنِی مَعَ صَاحِبِ النَّقْبِ
یا الٰہی! مجھے آخرت میں ’’صاحب نقب‘‘ کا ساتھ نصیب فرما۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More