کلام الٰہی کی اثر انگیزی

0

بلاتعصب اور بافہم مطالعہ:
سیاہ فام امریکی خاتون محترمہ آمنہ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ میں مسلمان کیوں ہوئی؟ بتاتی ہیں:
میرے دل میں قرآن پڑھنے کا خیال پیدا ہو گیا اور میں نے انگریزی میں ترجمہ قرآن کا ایک نسخہ حاصل کر لیا۔ قرآن پاک کے اس ترجمہ نے مجھے عجیب طرح کا روحانی سرور بخشا، جسے میں بیان نہیں کر سکتی۔ آج میں سمجھتی ہوں کہ اگر کوئی بھی شخص دلچسپی، انہماک اور لگن سے قرآن پاک کا مطالعہ کرے تو وہ اس مقدس کتاب کی حقانیت سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ (ہم کیوں مسلمان ہوئے؟ صفحہ: 25)
اس کے بعد اپنی قوم کے نو مسلم یوسف کے ذریعے مزید دینی معلومات حاصل کیں اور کلمہ طیبہ پڑھ کر مسلمان ہو گئیں۔
مسلسل اور گہرے مطالعہ کا نتیجہ:
ابراہیم کوان (ملائیشیا) جو ساٹھ سال تک پروٹسٹنٹ عیسائی رہے، بالآخر آغوش اسلام میں آکر پناہ لی۔ اس کی وجہ بیان کرتے ہیں کہ:
آپ کو یہ بھی اندازہ ہوگا کہ پروٹسٹنٹ اور کیتھولک فرقوں میں بُعد و اختلاف کی شدت کا کیا عالم ہے؟ اور ان کے منہجی عقائد باہم دگر کتنے مختلف ہیں۔ اس کیفیت نے مجھے سخت پریشان کیا اور گھبرا کر میں نے قرآن کا سہارا لیا، جن آیتوں نے میری رہنمائی فرمائی، یہ ہیں۔
ترجمہ: ’’اس نے آپ پر (اے نبی) کتاب نازل کی جو حق لے کر آئی ہے اور ان کتابوں کی تصدیق کر رہی ہے جو پہلے سے آئی ہوئی تھیں، اس سے پہلے انسانوں کی ہدایت کے لیے تورات اور انجیل نازل ہو چکی ہے۔‘‘ (آل عمران)

ترجمہ: ’’اے نبی! کہہ دیجئے کہ ہم خدا کو مانتے ہیں، اس تعلیم کو مانتے ہیں جو ہم پر نازل کی گئی ہے، ان تعلیمات کو بھی مانتے ہیں، جو ابراہیم، اسماعیل، اسحاق، یعقوب اور اولاد یعقوب پر نازل ہوئی تھیں، اس ہدایت پر بھی ایمان رکھتے ہیں، جو موسیٰ اور عیسیٰ اور دوسرے پیغمبروں کو ان کے رب کی طرف سے دی گئی، ہم ان کے درمیان فرق نہیں کرتے اور ہم خدا کے تابع فرمان (مسلم) ہیں۔‘‘ (آل عمران)
قرآن کے مسلسل اور گہرے مطالعے نے مجھے حقیقت کے قریب کر دیا اور عیسائیت کے عقائد کا کھوکھلاپن مجھ پر واضح ہوتا چلا گیا۔ مثال کے طور پر عقیدۂ تثلیث وہ گورکھ دھندہ ہے جسے ہر عیسائی سمجھے بغیر اختیار کرتا ہے، حالانکہ دنیا میں کوئی ایسی کتاب ہے ہی نہیں جس میں اس پیچیدہ مسئلے کی وضاحت یا تفہیم موجود ہو۔ اس کے مقابلے میں اسلام توحید کا صاف، ستھرا اور عقلی و منطقی عقیدہ رکھتا ہے۔ یعنی خدا تعالیٰ کی کبریائی میں کوئی شریک نہیں۔ اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔ ذات و صفات میں وہ یکتا ہے اور محمدؐ اس کے آخری رسول اور نبی ہیں۔ میرے نزدیک اسلام اور عیسائیت میں یہی بنائے امتیاز ہے۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More