ہال آف فیم میں شمولیت کی تقریب، راجر فیڈرر جذباتی ہوگئے

تقریب میں فیڈرر کی اہلیہ مرکا نے ان کا تعارف کرایا۔ اس کے بعد جب سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی اسٹیج پر پہنچے تو انہوں نے اپنی اہلیہ کو گلے لگایا اور بوسہ دیا۔

August 30, 2026 · اسپورٹس
ہال آف فیم میں شمولیت کی تقریب، راجر فیڈرر جذباتی ہوگئے

ہال آف فیم میں شمولیت کی تقریب، راجر فیڈرر جذباتی ہوگئے

سوئٹزرلینڈ کے عظیم ٹینس اسٹار راجر فیڈرر انٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم میں شامل ہونے کی تقریب کے دوران کئی مرتبہ جذباتی ہو کر آبدیدہ ہوگئے۔

تقریب میں فیڈرر کی اہلیہ مرکا نے ان کا تعارف کرایا۔ اس کے بعد جب سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی اسٹیج پر پہنچے تو انہوں نے اپنی اہلیہ کو گلے لگایا اور بوسہ دیا۔

تقریب کے دوران تقریباً 30 منٹ کی تقریر کرتے ہوئے راجر فیڈرر کئی مواقع پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ انہوں نے اپنے بچپن کے ہیرو اسٹیفن ایڈبرگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی کے آنسو ہیں۔

فیڈرر نے اپنے دیرینہ کوچ سیورین لوتھی اور اہلیہ مرکا کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ اہلیہ کا ذکر کرتے ہوئے وہ ایک بار پھر جذباتی ہوگئے اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں اپنے جذبات پر قابو رکھنے کے لیے ٹشوز اور دھوپ کے چشمے سمیت سب کچھ درکار ہے۔

راجر فیڈرر کو انٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہیں ٹینس کی تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے اور وہ 20 گرینڈ سلم سنگلز ٹائٹلز جیتنے والے نمایاں کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

فیڈرر نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران 8 مرتبہ ومبلڈن، 6 مرتبہ آسٹریلین اوپن اور ایک مرتبہ فرنچ اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ وہ ان چند مرد کھلاڑیوں میں بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر میں چاروں گرینڈ سلم ٹورنامنٹس جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔