پاکستان کے آئی ایس پی آر سے ترکیہ کے یوم فتح پر گیت جاری ترک فنکار بھی متاثر
’’ دو دل ایک جان ‘‘ اردو اور ترکی زبانوں میں گایا گیا ہے
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ترکیہ کے یوم فتح30 اگست اور ترک مسلح افواج کے دن کی 104ویں سالگرہ پر ایک خصوصی گیت اور ویڈیو کلپ جاری کیا ہے جو دونوں ممالک کی گہری اور تاریخی برادرانہ دوستی کو اجاگر کرتا ہے۔
گیت کا عنوان’’ دو دل ایک جان ‘‘ہے جو اردو اور ترکی زبانوں میں گایا گیا ہے۔ اس میں باغلامہ (ترک ساز) اور رباب (پاکستانی ساز) کا خوبصورت امتزاج پیش کیا گیا ہے۔ گیت کے بول دوستی، محبت، مشترکہ ایمان اور وحدت پر زور دیتے ہیں،۔
ویڈیو میں پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی مقامات، دونوں ممالک کے پرچم لہراتے ہوئے بچے، روایتی لباس میں فنکار، مشترکہ فوجی مشقیں، بحری جہاز، جنگی طیارے اور ترکیہ کی دفاعی مصنوعات کی جھلکیاں شامل ہیں۔ ویڈیو کے آخر میں آئی ایس پی آر کا لوگو دکھایا گیا ہے۔
یہ کلپ سوشل میڈیا پر خاصی پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔ ترک صارفین اور فنکاروں نے بھی اسے سراہا ہے اور اسے پاکستان،ترکیہ برادری کی علامت قرار دیا ہے۔ ترک میڈیا نے بھی اس ویڈیو کو نمایاں طور پر کور کیا ہے اور اسے دونوں ممالک کے درمیان “دو دل ایک جان” کے تعلقات کی عکاسی قرار دیا ہے۔
یوم فتح ترکیہ کی جنگ آزادی کی فیصلہ کن فتح (1922) کی یاد میں منایا جاتا ہے جس نے جدید ترک جمہوریہ کی بنیاد رکھی۔ اس موقع پر پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے بھی ترک قیادت اور عوام کو مبارکباد دی تھی اور دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا تھا۔