سعید اجمل کا قومی ٹیم میں تبدیلیوں پر اظہارِ برہمی

September 2, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور اسپنر سعید اجمل نے قومی کرکٹ ٹیم میں حالیہ انتظامی اور سلیکشن فیصلوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے مزید تبدیلیوں کا مطالبہ کردیا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سعید اجمل نے کہا کہ سیریز کے دوران کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور سلیکشن کمیٹی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کے مطابق ایسے اہم فیصلے سیریز یا دورے کے اختتام پر کیے جانے چاہئیں۔

سابق کرکٹر نے میچ ختم ہوتے ہی کھلاڑیوں کو واپس بھیجنے کے طریقہ کار پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اس طرح کے فیصلوں سے پاکستان کی کرکٹ کا غیر سنجیدہ تاثر پیدا ہورہا ہے۔

سعید اجمل کا کہنا تھا کہ اگر کسی کھلاڑی سے غلطی ثابت ہو تو اس کے خلاف ضابطے کے مطابق سخت کارروائی ہونی چاہیے تاکہ دیگر کھلاڑیوں کے لیے بھی واضح مثال قائم ہو۔

انہوں نے پی سی بی کی جانب سے کوچنگ اور سلیکشن کے معاملات پر سوال اٹھاتے ہوئے سلیکشن کمیٹی کے رکن اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کو بھی عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔

سعید اجمل نے ہیڈ کوچ سرفراز احمد کی برطرفی اور مائیک ہیسن کے کردار پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ مائیک ہیسن نے وائٹ بال کرکٹ میں اب تک کیا نتائج دیے ہیں، اس کا بھی جائزہ لیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد پی سی بی نے تیسرے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کیں۔ بورڈ نے سات کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے ریلیز کرنے کے ساتھ ہی ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ان کے عہدوں سے فارغ کردیا تھا۔