ویمنز جونیئر ایشیا کپ، پاکستان کا فاتحانہ آغاز،ہانگ کانگ کو 20 سے شکست
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے جونیئر ویمنز ٹیم کی عمدہ کارکردگی پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مبارکباد دی
فوٹو سوشل میڈیا (ایکس)
ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے چیلنجر پول میں پاکستان نے کامیابی کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کرتے ہوئے ہانگ کانگ چائنا کو 2-0 سے شکست دے دی۔
پاکستان کی جانب سے شارقہ نے دونوں گول اسکور کیے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے میچ کے 34ویں اور 48ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے پاکستان کو فیصلہ کن برتری دلائی۔
مقابلے کے دوران پاکستانی ٹیم نے دفاع میں مضبوط کھیل کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ حملہ آور حکمت عملی بھی مؤثر انداز میں اپنائی۔ ہانگ کانگ چائنا کی ٹیم پاکستانی دفاع کو توڑنے اور گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
پاکستان نے منظم کھیل کے ذریعے میچ پر اپنی گرفت برقرار رکھی اور بالآخر 2-0 کی فتح اپنے نام کرلی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے جونیئر ویمنز ٹیم کی عمدہ کارکردگی پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم ٹورنامنٹ کے آئندہ میچز میں بھی اسی جذبے اور کارکردگی کے ساتھ کامیابیاں حاصل کرے گی۔