ویمنز ایشیا کپ: پاکستان اور بھارت آج دبئی میں ٹکرائیں گے
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ ہفتے کی شام کھیلا جائے گا، جس میں شائقین کی نظریں دونوں جانب کی بیٹنگ لائن پر مرکوز ہوں گی۔
فائل فوٹو
ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج دبئی میں اہم میچ میں مدمقابل ہوں گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ ہفتے کی شام کھیلا جائے گا، جس میں شائقین کی نظریں دونوں جانب کی بیٹنگ لائن پر مرکوز ہوں گی۔
بھارت نے ٹورنامنٹ میں اب تک شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنے دونوں ابتدائی میچز جیت لیے ہیں اور سیمی فائنل میں جگہ بھی پکی کرلی ہے۔ بھارتی ٹیم نے دونوں مقابلوں میں بڑے مجموعے بنائے، تاہم مڈل آرڈر کی کارکردگی اس کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔
تھائی لینڈ کے خلاف میچ میں بھارتی اوپنرز نے مضبوط آغاز فراہم کیا، لیکن اس کے بعد ٹیم نے صرف 46 رنز کے اندر 8 وکٹیں گنوا دیں۔ سمرتی مندھانا 143 رنز کے ساتھ بھارت کی نمایاں بیٹر ہیں جبکہ شفالی ورما 92 رنز بنا چکی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان نے اب تک ایک ہی میچ کھیلا ہے اور اسے تھائی لینڈ کے خلاف بیٹنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم شوال ذوالفقار اور منیبہ علی نے حالیہ دورۂ سری لنکا میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا، جس سے پاکستانی ٹیم کو بھارت کے خلاف بہتر کارکردگی کی امید ہے۔
پاکستان کے لیے بھارت کے خلاف میچ کا نتیجہ اہم ضرور ہے، تاہم ہانگ کانگ کے خلاف آخری گروپ میچ میں کامیابی کی صورت میں قومی ٹیم کے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے امکانات برقرار رہیں گے۔
پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کئی مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، تاہم ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کی تعداد محدود ہے۔ قومی ٹیم اگر اپنی صلاحیت کے مطابق کھیلنے میں کامیاب رہی تو وہ بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں اپنی دوسری ٹی ٹوئنٹی فتح حاصل کرسکتی ہے۔